تفسیر کبیر (جلد ۱۴)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 509 of 651

تفسیر کبیر (جلد ۱۴) — Page 509

دین کے پانچویں معنے مذہب کے (۵)دین کے ایک معنے مذہب کے ہیں۔مذہب بھی انسان کو اخلاق فاضلہ کی تعلیم دیتا ہے۔خواہ کوئی مذہب ہو۔مذہب اپنی ذات میں بہت سی بدیوں کو روکنے والی چیز ہے اس میں سچے مذہب کی بھی کوئی شرط نہیں۔ہر مذہب انسان کو بدیوں سے روکتا ہے۔بے شک لوگ کہتے ہیں کہ آپس کی لڑائیوں اور فسادات کی بڑی وجہ مذہب ہی ہے لیکن اگر غور سے کام لیا جائے تو معلوم ہو گا کہ لڑائیاں اور فسادات مذہب کی وجہ سے نہیں بلکہ مذہب پر عدم عمل کی وجہ سے ہیں۔مثلاً سکھ مذہب کو ہی لے لو سکھ مذہب کی بنیاد حضرت باوانانک رحمۃ اللہ علیہ کی تعلیم پر ہے اور انہوں نے جو تعلیم دی اس میں یہی لکھا ہے کہ امن سے رہو بنی نوع انسان پر رحم کرو اور فتنہ و فساد میں حصہ نہ لو۔یہی حال ہندو مذہب کا ہے۔جب انسان کسی مذہب کا پیرو ہو تا ہے تو گو وہ اس کی تعلیم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فتنہ و فساد میں حصہ لینے لگ جائے مگر کبھی نہ کبھی اسے خیال آجاتا ہے کہ میں غلطی کر رہا ہوں مجھے ایسا نہیں کرنا چا ہئے۔عیسائی دنیا میں کتنا ظلم کر رہے ہیں پانچ سو سال تک انہوں نےدنیا کو اس طرح غلامی کے پنجہ میں دبائے رکھا ہے کہ جس کی مثال دنیا کی تاریخ میں نہیں ملتی مگر انجیل میں تو یہی لکھا ہے کہ اگر کوئی شخص تیرے ایک گال پر تھپڑ مارے تو تُو اپنا دوسرا گال بھی اس کی طرف پھیر دے۔اور اگر کوئی تجھے ایک میل بیگار لے جانا چاہے تو تُو اس کے ساتھ دو میل چلا جا(متی باب ۵ آیت ۳۹تا ۴۱)۔عیسائی خواہ کتنا ظلم کریں جب کبھی کوئی عیسائی انجیل کو غور سے پڑھے گا اس کے دل میں ضرور رحم پیدا ہو گا اور اسے یہ احساس ہو گا کہ مجھے لوگوں پر ظلم نہیں کرنا چاہیے۔ہندو مذہب کو لے لو اس میں نہایت اعلیٰ درجہ کی اخلاقی تعلیم موجود ہے۔میں نے خود وید پڑھے ہیں میں تو جب بھی انہیں پڑھتا ہوں مجھے یقین ہو جاتا ہے کہ وہ خدا تعالیٰ کی طرف سے ہیں۔اس میں کوئی شبہ نہیں کہ ویدوں میں اس قسم کی لغویات بھی ہیں کہ فلاں رشی نے دھوتی اتار کر رکھی تو بچہ پیدا ہو گیا اور اس نے کہا کہ میں اس طرح اس لئےپیدا ہوا ہوں کہ میں گندے رستہ سے پیدا نہیں ہو نا چا ہتا تھا مگر اس کے ساتھ ہی خدا تعالیٰ کی صفات کا ذکر ایسے شاندار طریق پر اس میں پایا جاتا ہے کہ اسے پڑھ کر یوں معلوم ہو تا ہے کہ انسان کا دل زمین سے اونچا ہو رہا ہے۔بے شک اس میں اور چیزیں بھی مل گئیں مگر اس کا ابتدائی منبع ضرور خدا تعالیٰ کی طرف سے تھا اور جو شخص بھی تعصب کو دور کر کے ویدوں کا مطالعہ کرے گا اس کا دل روحانیت کے جذبات سے لبریز ہو جائے گا۔یہی حال انجیل، تورات اور ژند و اوستا کا ہے۔پھر قطع نظر اس سے کہ کوئی مذہب خدا تعالیٰ کی طرف سے ہے یا نہیں بغیر نیک تعلیم کے کوئی مذہب پھیل ہی نہیں سکتا۔کیا کوئی بھی مذہب دنیا میں ایسا ہے جس کی یہ تعلیم ہو کہ فریب کرو، بدکاری کرو؟ ہندوؤں میں وام مارگی ایک ایسا فرقہ ہے جس میں بدکاری کو جائز سمجھا جاتا ہے مگر وہ مذہب نہیں بلکہ