تفسیر کبیر (جلد ۱۳)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 403 of 652

تفسیر کبیر (جلد ۱۳) — Page 403

سُورَۃُ الْبَیِّنَۃِ مَدَنِیَّۃٌ سورۃ بیّنہ۔یہ سورۃ مدنی ہے۔وَھِیَ ثَـمَانِیَ اٰیاتٍ دُونَ الْبَسْمَلَۃِ وَفِیْـھَا رُکُوعٌ وَّاحِدٌ اور اس کی بسم اللہ کے سوا آٹھ آیات ہیں اور ایک رکوع ہے۔سورۃ البینہ مدنی ہے جمہور مفسرّین کے نزدیک یہ سورۃ مدنی ہے ابن مردویہ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی ہے کہ یہ مدنی ہے اور ابن مردویہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی ہے کہ یہ سورۃ مکّی ہے(فتح البیان زیر سورۃ البیّنۃ)۔ابو حیّۃ بدری سے روایت ہے کہ جب سورۃ لَمْ یَکُنْ سب کی سب نازل ہوئی ہے ( یعنی یہ اکٹھی نازل ہوئی ہے) تو جبریل نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو حکم دیا ہے کہ یہ سورۃ ابی بن کعبؓ کو یاد کرا دیں۔اس پر رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے حضرت ابی بن کعبؓسے کہا کہ جبریل نے مجھے حکم دیا ہے یعنی خدا تعالیٰ کا یہ حکم مجھے پہنچایاہے کہ میں یہ سورۃ تم کو یاد کرا دوں ابی بن کعبؓنے عرض کیا کہ یا رسول اللہ میرا بھی خدا تعالیٰ کے حضور میں ذکر آیا تھا؟ آپ نے فرمایا ہاں۔اس پر ابی بن کعبؓخوشی کے مارے روپڑے(مسند احمد بن حنبل مسند ابی حبۃ البدری)۔یہ روایت مسند احمد میں اور طبرانی میںاور ابن مردویہ میں مروی ہے۔بخاری اور مسلم نے بھی حضرت انس رضی اللہ عنہ سے یہ روایت نقل کی ہے لیکن بخاری اور مسلم کی روایت میں الفاظ نہیں کہ جس وقت یہ سورۃ نازل ہوئی اُس وقت آپ نے یہ فرمایا۔دوسرے بخاری اور مسلم کی روایت میں جبریل کا بھی ذکر نہیں۔صرف اتنا ذکر آتا ہے کہ مجھے اللہ تعالیٰ نے حکم دیا ہے کہ میں یہ سورۃ تم کو پڑھا دوں ( بخاری کتاب مناقب الانصار باب مناقب ابیّ بن کعب۔مسلم کتاب فضائل الصحابۃ باب من فضائل ابیّ بن کعب)۔گو بخاری اور مسلم کی روایت میں یہ ذکر نہیں آتا کہ جس وقت یہ سورۃ نازل ہوئی اُس وقت آپ نے ابی بن کعبؓسے یہ فرمایا کہ مجھے اللہ تعالیٰ نے یہ سورۃ تمہیںیاد کرانے کا حکم دیا ہے مگر چونکہ دوسری روایت میں یہ ذکر آ گیا ہے جو مسند احمد بن حنبل جیسی مستند کتاب نے بھی نقل کی ہے اِس لئے ہمیں تسلیم کرنا پڑتا ہے کہ صحیح روایات کی بنا ء پر یہ سورۃ مدنی ہی ہے کیونکہ ابی ابن کعبؓانصاری تھے اور مدینہ میں مسلمان ہوئے پس جو سورۃ اُن کے زمانہ میں نازل ہوئی وہ مدنی ہی ہو سکتی ہے مسیحی مستشرق بھی مانتے ہیں کہ یہ سورۃ مدنی ہے…… چنانچہ