تفسیر کبیر (جلد ۱۲)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 351 of 405

تفسیر کبیر (جلد ۱۲) — Page 351

کہ مانگنے کی طاقت بھی نہیں رکھتا۔جس شخص کے دل میں ایسے مساکین کے متعلق بھی رحم کا جذبہ پیدا نہ ہو جو بالکل کنگال ہو چکے ہوں یا ساتھ ایسے بیمار بھی ہوں کہ مانگنے کی سکت بھی نہ رکھتے ہوں۔وہ خدا سے کیا فضل مانگ سکتا ہے اور بندے اس کی کیا عزت کر سکتے ہیں۔اس میں کوئی شبہ نہیں کہ مشکلات کے وقت ان لوگوں سے بھی کام کی امید کی جاتی ہے جو عام طور پر معذور سمجھے جاتے ہوں۔مگر پھر بھی کچھ لوگ ایسے ضرور ہوتے ہیں۔جن کا بوجھ انسان کو اٹھانا پڑتا ہے جیسے اپنے قریبی یتیم اور بالکل ناکارہ انسان جن سے کمائی کی کوئی امید نہیں کی جا سکتی۔مگر یہ ان لوگوں کی پرورش سے بھی مصائب کے وقت غافل ہوتا ہے۔حالانکہ مصائب کے وقت ہی انسانی اخلاق کا تجربہ ہوتا ہے۔ثُمَّ كَانَ مِنَ الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا پھر (چوٹی پر چڑھنا یہ تھا کہ ان کاموںکے علاوہ) یہ ان میں سے بن جاتا جو ایمان لائے۔وَ تَوَاصَوْا بِالصَّبْرِ وَ تَوَاصَوْا بِالْمَرْحَمَةِؕ۰۰۱۸ اور (جنہوں نے) ایک دوسرے کو صبر کی نصیحت کی اور ایک دوسرے کو رحم کرنے کی نصیحت کی۔تفسیر۔ثُمَّ کَانَ مِنَ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا۔۔۔۔الـخ کہہ کر بتایا ہے کہ خالی نیک اعمال کافی نہیں۔بلکہ یہ بھی ضروری ہے کہ اس کے ساتھ ایمان بھی ہو اور قوم میں نیکی پیدا کرنے کا جذبہ بھی ہو۔اس جگہ ایمان سے عام ایمان مراد نہیں۔بلکہ ان اعمال خیر کے متعلق ایمان مراد ہے جن کا ذکر اوپر ہو چکا ہے اور مراد یہ ہے کہ ان اعمال پر کاربند ہونے کے علاوہ دل میں یہ یقین ہو کہ یہ اعمال ضروری ہیں منافقانہ رنگ میں ان پر عمل نہ کرتا ہو۔کیونکہ منافقانہ عمل میں ایسا جوش کبھی پیدا نہیں ہوتا کہ کماحقہ ان کو بجا لاسکے۔سچی بشاشت اسی عمل کے ساتھ پیدا ہوتی ہے جس کے ضروری اور درست ہونے پر انسان کو یقین بھی ہو۔دوسرے معنے اس کے یہ ہیں کہ اگر خلوص سے یہ لوگ ان اعمال کو بجا لاتے تو انہیں تقویٰ نصیب ہوتا اور اس کے نتیجہ میں ان کو ایمان بھی نصیب ہو جاتا۔گویا ثُمَّ کے معنے ’’اس کے ساتھ ہی‘‘ کے بھی ہو سکتے ہیں اور پھر کے بھی۔اور یہ دونوں معنے لغت کے لحاظ سے ثابت ہیں۔ساتھ ہی کے لحاظ سے یہ معنے ہوں گے کہ یہ نیک اعمال بھی کرتے اور ساتھ ہی مومن بھی ہوتے۔یعنی بغیر اس عمل کے اچھا ہونے پر یقین ہو نے کے عمل کا مل نہیں ہوتا۔منافقت جڑوں کو کھوکھلا کر دیتی ہے۔اور اگر ثُمَّ کے معنے ’’اس کے بعد‘‘ کے کئے جائیں تو اس کے یہ معنے ہوں گے کہ یہ