تفسیر کبیر (جلد ۱۱)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 534 of 615

تفسیر کبیر (جلد ۱۱) — Page 534

توبہ کرے تو پھر خواہ کتنا بڑا گناہ کر چکا ہو اُس کی توبہ قبول ہو جاتی ہے اور اللہ تعالیٰ اُسے معاف فرما دیتا ہے۔پس فرمایا گو اُنہوں نے بڑا گناہ کیا ہے لیکن اگر پھر بھی وہ توبہ کر لیں تو خواہ کوئی گناہ اُن سے سرزد ہو چکا ہو ہم اُن کو معاف کر دیں گے۔لیکن اگر وہ توبہ نہیں کریں گے۔تو یاد رکھیں کہ فَلَھُمْ عَذَابُ جَھَنَّمَ وَلَھُمْ عَذَابُ الْحَرِیْقِ جس طرح انہوں نے مومنوں کے دلوں کو بھی جلایا تھا اور اُن کے جسموں کو بھی جلایا تھا اُسی طرح اُن کو بھی دو قِسم کا عذاب دیا جائے گا۔ظاہری بھی اور باطنی بھی۔عذابِ جہنّم ظاہری ہے اور عذاب الحریق باطنی ہے۔یا عذاب الحریق ظاہری ہے اور عذاب جہنّم باطنی ہے۔بہرحال ان دو قسم کے عذابوں کے مقابلہ میں جو انہوں نے مومنوں کو دئیے اُن کو بھی دو قسم کے عذاب دئیے جائیں گے۔اِنَّ الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ لَهُمْ جَنّٰتٌ تَجْرِيْ (اور وہ) جو ایمان لائے اور (اس کے ساتھ اس کے) مناسبِ حال عمل بھی کئے اُنہیں باغات ملیں گے جن کے نیچے مِنْ تَحْتِهَا الْاَنْهٰرُ١ۣؕ۬ ذٰلِكَ الْفَوْزُ الْكَبِيْرُؕ۰۰۱۲ نہریں بہتی ہوں گی۔(اور) یہی تو بڑی کامیابی ہے۔حَلّ لُغَات۔اَلْفَوْزُ۔اَلْفَوْزُ اَلظَّفَرُ بِالْخَیْرِ بہترین مقصود پا کر کامیاب ہونا۔نیز اِس کے معنے ہیں اَلنَّجَاۃُ۔نجات۔(اقرب) تفسیر۔عمل صالح کا مطلب یقیناً وہ لوگ جو ایمان لائے اور اعمالِ صالحہ بجا لائے۔عمل صالح کے معنے ایسے اعمال کے ہیں جو مطابقِ حالات ہو۔یہ معنے اتنے اہم اور اس قدر ضروری ہیں کہ اِن پر جس قدر بھی زور دیا جائے کم ہے۔کیونکہ مسلمانوں کی تمام کامیابی اور ترقی کا دارومدار انہی معنوں پر ہے۔اگر حالات کے مطابقِ عمل کیا جائے گا تو وہ یقیناً عمل صالح ہو گا۔اور اگر حالات کی مطابقت کا خیال نہیں رکھا جائے گا تو وہ عمل غیر صالح ہو گا۔مثلًاشراب اسلام سے پہلے حرام نہیں تھی۔صرف اسلام نے اس کو قطعی طور پر حرام قرار دیا ہے۔اِس صورت میں صلاحیت کے محض اتنے معنے نہیں ہوں گے کہ انسان شراب نہ پئے بلکہ صلاحیت کے یہ معنے ہوں گے کہ جس زمانہ میں خدا نے کِسی فعل سے روکا ہے اُس زمانہ میں اُس فعل سے رُک جائے اگر شراب سے روکا ہے تو رک جائے اور اگر نہیں روکا تو بیشک نہ رُکے۔اِسی وجہ سے گو اسلام کو پہلی شرائع سے کئی امور میں اختلاف ہے مگر چونکہ اُن شریعتوں