تفسیر کبیر (جلد ۱۱)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 532 of 615

تفسیر کبیر (جلد ۱۱) — Page 532

جو خدا تعالیٰ کی ہتک کا موجب ہیں۔یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے یہاں صرف اِلَّآ اَنْ یُّؤْمِنُوْا نہیں فرمایا۔بلکہ اِلَّاۤ اَنْ يُّؤْمِنُوْا بِاللّٰهِ الْعَزِيْزِ الْحَمِيْدِ فرمایا ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کو تو وہ لوگ بھی مانتے ہوں گے فرق صرف یہ ہو گا کہ وہ اللہ تعالیٰ کو غیر عزیز اور غیر حمید مانتے ہوں گے۔اور یہ لوگ خدا تعالیٰ کو العزیز اور الحمید قرار دیتے ہوں گے۔اور یہی اختلاف تمام عداوت کی بنیاد ہو گا۔الَّذِيْ لَهٗ مُلْكُ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ فرماتا ہے اُن کو یہ بھی ڈر نہیں آئے گا کہ یہ لوگ اُس خدا پر ایمان اور یقین رکھنے والے ہیں جو آسمانوں اور زمینوں کا خدا ہے۔جو لوگ آسمانوں اور زمینوں کے خدا کی عزت کو قائم کرنے کیلئے کوشش کریں گے۔جو لوگ آسمانوں اور زمینوں کے خدا کی حمد کو قائم کرنے کی کوشش کریں گے۔یہ کس طرح ہو سکتا ہے کہ خُدا اُن پر لوگوں کو ظلم کرتے دیکھے اور وہ خاموش رہے۔دُنیا میں ذلیل سے ذلیل اور حقیر سے حقیر انسان بھی اپنی عزت کرنے والے کا احترام کرتا ہے پھر کس طرح ہو سکتا ہے کہ یہ آسمان اور زمین کے مالک خدا کی عزت قائم کر رہے ہوں۔اُس کی حمد قائم کر رہے ہوں۔اور پھر دُشمن اُن کو تباہ وبرباد کرنے میں کامیاب ہو جائیں۔وہ لوگ غور کریں کہ کیااُن کے ظلموں کو دیکھ کر آسمانوں اور زمینوں کے خدا کی غیرت نہیں بھڑکے گی۔اور کیا وہ اپنے غضب کی چکّی میں اُن کو پیس نہیں ڈالے گا۔وَ اللّٰهُ عَلٰى كُلِّ شَيْءٍ شَهِيْدٌ۔فرماتا ہے یہ بات ٹھیک ہے کہ یہ لوگ جانتے بُوجھتے ہوئے ظلم کرتے ہیں۔مگر اِن کو یہ گھمنڈ ہے کہ پبلک ہمارے ساتھ ہے یہ لوگ ہمارا کیا بگاڑ سکتے ہیں اُن کو پتہ نہیں کہ ہم بھی ان کے نگران اور محافظ موجود ہیں۔اگر ان کو یہ گھمنڈ ہے کہ ہمیں عزت کی نگاہ سے دیکھنے والے دُنیا میں بہت لوگ موجود ہیں جو ہمارے مظالم کو بھی اچھا قرار دیں گے تو کیا وہ اتنی بات نہیں سوچتے کہ وہ لوگ جو میری عزت کو قائم کرنے والے ہیں۔میری حمد کو قائم کرنے والے ہیں وہ میری آنکھوں کے سامنے اِس طرح مظالم کا نشانہ بنائے گئے تو کیا مَیں خاموش رہوں گا۔مَیں یقیناً اُن کی مدد کے لئے اُتروں گا اور مظالم کرنے والوں کو اپنے غضب کا نشانہ بنا دوں گا۔