تفسیر کبیر (جلد ۱۱)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 17 of 615

تفسیر کبیر (جلد ۱۱) — Page 17

میں کِیلے گاڑ دیتے ہیں تاکہ اس کے ساتھ خیمے کی رسیاں مضبوطی سے باندھ دی جائیں اور خیمہ کھڑا ہو جائے۔یابعض دفعہ گھوڑایا کوئی اور جانور بھی اُس سے باندھ دیتے ہیں۔گویاوَتَدٌ کا لفظ کسی چیز کو محفوظ کرنے یا سہارا دینے کے معنوں میں استعمال ہوتا ہے۔پس جب خدا نے کہا کہ ہم نے جِبَال کواَوْتَاد بنایا ہے تو اس کے معنے یہ ہوں گے کہ ہم نے جبال کو ایسا بنایا ہےکہ وہ سہارے کا بھی موجب ہیں اور جِبَال زمین کی حرکتِ مُضرہ کو بھی روکنے کا موجب ہیں اور درحقیقت یہی دونوں چیزیں جِبَال کی اغراض میں شامل ہیں۔تفسیر۔پہاڑوں کے فوائد جہاں تک جِبَال کے فوائد کا سوال ہے یہ امر علوم موجودہ کی رو سے مسلم ہے کہ جِبَال کی وجہ سے ہی زلازل کا آنا بند ہوا۔علوم موجودہ کا فیصلہ ہے کہ ہماری زمین کے نیچے بہت بڑی آگ ہے۔جب زمین کا چھلکا ابھی پتلا تھا جب بھی اس آگ میں جوش پیدا ہوتا تھا زمین میں سے لاوا نکلنا شروع ہو جاتا۔جب وہ لاوا ٹھنڈا ہو جاتا تو پہاڑی کی صورت میںقائم ہو جاتا۔پھرا ور لاوا نکلتا اور وہ بھی ٹھنڈا ہو کر پہاڑی بن جاتا۔اسی طرح لاوا زمین کے نیچے سے نکلتا چلا گیا اور ٹھنڈا ہو کر بڑے بڑے پہاڑوں کی صورت میں تبدیل ہوگیا۔جب زمین کا جوش کافی حد تک نکل گیا تو زمین کا چھلکا موٹا ہو گیا اور زمین آبادی کے قابل ہوئی۔پس جبال کیا ہیں وہ زمین کی حرکت مضرہ کو روکنے کا ایک ذریعہ ہیں جیسے گھوڑے کو کیلے کے ساتھ باندھ دیا جاتا ہے اور وہ ادھر ادھر دوڑ نہیں سکتا اسی طرح پہاڑوں کی وجہ سے زمین کی حرکت مضر ہ بند ہوئی اور زلازل کا کثرت کے ساتھ آنا دور ہوا۔اسی طرح پہاڑ لوگوں کے لئے سہارے کا بھی موجب ہیں اورہم کہہ سکتے ہیں کہ دنیا کے تمام ملک انہی پہاڑوں کے سہارے پر لٹکے ہوئے ہیں۔پہاڑوں پر برف پڑتی ہے اور لوگوں کے لئے بڑے بڑے فوائد کا موجب ہوتی ہے جب برف پگھلتی ہے تو زمین میں نالے بہ نکلتے ہیں۔دریا جاری ہو جاتے ہیں اور پھر ان دریاؤں میں سے نہریں نکالی جاتی ہیں اور اس طرح تمام ملک سیراب ہو جاتا ہے۔اسی طرح پہاڑی چشمے لوگوں کی سیرابی کا موجب بنتے ہیں۔گویا پہاڑ ان دونوں اغراض کو پورا کر تے ہیں وہ زمین کی حرکت مضرہ کو بھی روکتے ہیں اور ان کےذریعہ تمام ملکوں کو ایک سہارا بھی مل جاتا ہے چنانچہ پہاڑوں سے ہی پانی میسر آتا ہے جو ملکوں کی سیرابی اور بنی نوع انسان کی زندگی کے کام آتا ہے۔