تفسیر کبیر (جلد ۱۰)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 460 of 553

تفسیر کبیر (جلد ۱۰) — Page 460

آرہا ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ کسی وقت عیسائیت کے ساتھ ٹکر لیں گے اور شائدیہی جیت جائیں۔دیکھو اتنا بڑاشخص جس کے متعلق یہ سمجھاجاتاہے کہ دہ دنیا میں سب سے بڑامؤرخ ہے اس کو بھی مانناپڑاکہ احمدیت کے اندر وہ بیج موجود ہے جس نے عیسائیت سے ٹکر لینی ہے اورپھر ممکن ہے یہی جیت جائیں۔و ہ آخر مخالف ہے اس نے ممکن ہی کہنا تھا۔یہ تونہیں کہناتھا کہ یقینی امر ہے کہ جیت جائیں۔مگراللہ تعالیٰ بتاتاہے کہ اسلام کاعیسائیت پر غالب آناایک یقینی امر ہے۔وہ پہلے آسمان اورزمین کو بدل کر ایک نیاآسمان اور نئی زمین پیداکردے گا اورایک نیا نظام روحانی دنیا میں جاری ہوجائے گا۔اَللّٰهُ يَبْسُطُ الرِّزْقَ لِمَنْ يَّشَآءُ مِنْ عِبَادِهٖ وَ يَقْدِرُ لَهٗ١ؕ اللہ ہی اپنے بندوں میں سے جس کے لئے چاہتاہے رزق پھیلاتاہے اورجس کے لئے چاہتاہے تنگ کردیتاہے۔اِنَّ اللّٰهَ بِكُلِّ شَيْءٍ عَلِيْمٌ۰۰۶۳ اللہ (تعالیٰ ) یقیناً ہرچیز سے اچھی طرح واقف ہے۔تفسیر۔اس آیت میں مخالفینِ اسلام کو انتباہ کیاگیاہے کہ تم دنیا کی دولتوںاورحکومتوں پر کیوں فریفتہ ہو۔تمام ترقیات اللہ تعالیٰ کے قبضہء قدرت میں ہیں۔اوروہ کمزورو ں کو طاقتور اورناداروںکو امیر اوربادشاہوں کوفقیر بنانے کی طاقت رکھتاہے۔بیشک آج تمہیں اسلام ایک کمزو رمذہب دکھائی دیتاہے اوراس مذہب کے پیروئوںکوتم ذلیل سمجھتے ہولیکن اللہ تعالیٰ عنقریب تم سے یہ نعمتیں چھین کر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے متبعین کودے دے گا۔اوراس طرح تمہاراوافررزق تمہارے لئے تنگ ہوجائےگا اورمسلمانوں کی تنگی ان کی فراخی میں بدل جائے گی۔پہلے زمانہ میں بھی ایسا ہی ہوااوراب بھی ایسا ہی ہوگا۔اسلام زندہ ہوگا۔محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے ماننے والے ترقی کریں گے۔اوریورپ اورامریکہ اپنی ہرقسم کی ترقی کے باوجود اسلام سے شکست کھائیں گے۔اِنَّ اللّٰهَ بِكُلِّ شَيْءٍ عَلِيْمٌ میں بتایاکہ اللہ تعالیٰ جانتاہے کہ مسلمانوں میں زندگی کے آثار پائے جاتے ہیں۔اورکفراپنے آخری سانس لے رہاہے اورجبکہ دونوں میں ترقی اورتنزل کی علامات ظاہرہیںتویہ کس طرح ہو سکتا ہے کہ مسلمان ترقی نہ کریں اور کافر مغلوب نہ ہوں۔