حقائق الفرقان (جلد ۱) — Page 332
کا ایک اجتماع ہو اور سب کے سب مِل کر خدا تعالیٰ کی عظمت و جبروت کو بیان کریں۔حج میں ایک کلمہ کہا جاتا ہے لَبََّیْکَ لَبََّیْکَ اَللّٰھُمَّ لَبََّیْکَ لَا شَرِیْکَ لَکَ لَبَّیْک َاِنَّ الْحَمْدَ وَ النِّعْمَۃ لَکَ وَ الْمُلْکَ لَا شَرِیْکَ لَکََ جس کا مطلب یہ ہے کہ اَے مَولیٰ تیرے حکموں کی اطاعت کے لئے اور تیری کامل فرمانبرداری کے لئے مَیں تیرے دروازے پر حاضر ہوں۔تیرے احکام اور تیری تعظِیم میں کسی کو شریک نہیں کرتا۔غرضکہ یہ حقیقت ہے مذہب اسلام کی جس کو مختصر الفاظ میں بیان کیا گیا ہے۔پھر دن میں پانچ دفعہ کُل مسلمانوں کو اﷲ اکبر کے لفظ سے بُلایا جاتا ہے۔کوئی نادان اسلام پر کیسے ہی اعتراض کرے کہ ان کا خدا ایسا ہے ویسا ہے مگر وہ خدا تعالیٰ کے لئے اﷲ اکبر کے لفظ سے بڑھ کر لفظ تجویز نہیں کر سکتا۔نماز کے لئے بُلاتے ہیں تو اﷲ اکبر سے شروع کرتے اور ختم کرتے ہیں تو رحمتہ اﷲ پر۔حج کے برکات میں سے ایک یہ تعلیم ہے جو کہ اس کے ارکان سے حاصل ہوتی ہے کہ انسان سادگی اخیتار کرے اور تکلّفات کو چھوڑ دے۔اس کے ارکان کِبرو بڑائی کے بڑے دشمن ہیں۔دُور دراز کا سفر اخیتار کرنا پڑتا ہے۔احباب اور اقارب چھُوٹتے ہیں۔سُستی اور نفس پروری کا استیصال ہوتا ہے اور سب سے بڑھ کر ایک بات یہ ہے کہ ہزاروں ہزار سال سے ایک معاہدہ چلا آتا ہے وہ یہ کہ جنابِ الہٰی کے حضور حاضر ہوکر تحمید کرتا ہے اور بہت سی دعائیں مانگتا ہے۔(الحکم ۲۴؍جنوری ۱۹۰۴ء صفحہ ۱۳) حج:عاشق جب سُنتا ہے کہ میرا محبوب فلاں شخص کو نظر آیا اور فلاں مقام پر ملا تو وہ دیوانہ وار اس کی طرف دوڑتا ہے اور اسے تن بدن کا کچھ ہوش نہیں رہتا۔نہ کُرتے کی خبر ہے نہ پاجامہ کی۔پھر وہاں جا کر دیوانہ وار مکانوں میں گھومتا ہے بعینہٖ یہ عبادت حج کا نظّارہ ہے۔یہ بھی کِسی غیر کے لئے جائز نہیں۔ایک شخص نے مجھے کہا وہاں مکّہ میں جا کر کیا لینا ہے۔علی گڑھ حمایت الاسلام کا جلسہ کافی ہے۔اس کو معلوم نہیں تھا کہ خدا کیا ہے۔(بدر ۱۳؍جنوری ۱۹۱۰ء صفحہ۲) اِسلام کی پانچویں اصل حج ہے۔حج کیا ہے … اہلِ اسلام کے قومی اجتماع کا ایک سفر۔مسلمان بھائی محلے محلے کے آپس میں ہر روز پانچ دفعہ پانچ نمازوں میں باہم مل لیا کریں۔یہ بات محلوںکی مسجدوں میں پانچ بار حاصل ہو جاتی ہے اور شہر شہر کے اہلِ اسلام کا ملنا برسویں روز حج کے ذریعہ سے حاصل ہوتا ہے۔…تمام بلادِ اسلام کے مسلمان بھائیوں کے اجتماع کے واسطے صدر مقام وہ جگہ تجویز ہوئی