اَلْاَزْھَارُ لِذَوَاتِ الْخِمَارِ یعنی اوڑھنی والیوں کیلئے پھول (جلد سوم حصہ دوم) — Page 15
الازهار لذوات الخمار جلد سوم حصہ دوم 15 بر موقع اجتماع جر منی 2006 مستورات سے خطاب آپ کے پاس آکر سوال پوچھنا چاہیے۔پھر آپ بتائیں کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو جس مقصد کے لئے پیدا کیا ہے اُسے تم بھول رہی ہو۔نہ مرد اس پر عمل کر رہے ہیں نہ عورتیں اُس پر عمل کر رہی ہیں۔اور وہ ہے اس کی عبادت کرنا۔اور نیک اور صالح اعمال بجالانا اور یہ تمہیں حقیقی اسلام میں ہی نظر آئے گا۔عورت کو ہمارے دین نے گھر کا نگران اور خاوند کے گھر کی حفاظت کی ذمہ داری سونپی ہے۔جب تک تم اللہ تعالیٰ کو نہیں پہچانو گی اور اپنی ذمہ داری نہیں سمجھوگی تمہارے ہاں سکون نہیں پیدا ہوسکتا۔اور یہ تم لوگ جو اپنے آپ کو بڑا ترقی یافتہ سمجھتے ہو بھول گئے ہو کہ خدا بھی ہے پس آپ احمدی عورتیں کسی قسم کے احساس کمتری کے بجائے احساس برتری کی سوچ پیدا کر یں۔اپنی تعلیم کو کامل اور مکمل سمجھیں۔قرآن کریم کی تعلیم پر پوری توجہ دیں اس پر کار بند ہوں تو آپ انشاء اللہ تعالیٰ دنیا کی راہنما کا کردار ادا کریں گی۔ورنہ اگر صرف اس دنیا کے پیچھے ہی دوڑتی رہیں تو جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے وہ سب کچھ ختم ہو جائے گا اور ہاتھ ملتی رہ جائیں گی اللہ تعالیٰ اپنے وعدوں کے مطابق حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو ایسی قومیں عطا فرمائے گا جو اس کام کو آگے بڑھا ئیں گی۔لیکن مجھے امید ہے کہ انشاء اللہ تعالیٰ یہ اعزاز ان پرانی نسلوں اور پرانے خاندانوں ان احمدی عورتوں کے ہاتھ میں ہی رہے گا جو مشکل وقت میں جن کو احمدیت قبول کرنے کی سعادت ملی۔پس آپ لوگ اپنے اندر یہ احساس ذمہ داری کبھی ختم نہیں ہونے دیں گی۔انشاء اللہ تعالیٰ۔اللہ آپ کو توفیق دے۔پس اس نعمت عظمی کی قدر کریں جو اللہ تعالیٰ نے آپ کو عطا فرمائی ہے تا کہ آپ کا ہر قدم اللہ تعالیٰ کے احکامات پر عمل کرنے میں آگے سے آگے بڑھتا چلا جانے والا قدم ہو اور آپ اپنے پیچھے ایسی نسل چھوڑ کر جانے والی ہوں جو اگلی نسلوں کے دلوں میں بھی اللہ کے دین کی عظمت پیدا کرنے والی ہوں۔اللہ کرے کہ ایسا ہی ہو۔اب دعا کرلیں۔