اَلْاَزْھَارُ لِذَوَاتِ الْخِمَارِ یعنی اوڑھنی والیوں کیلئے پھول — Page 63
حضرت خلیفہ مسیح الرابع" کے مستورات سے خطابات ۶۳ خطاب ۲۶ جولائی ۱۹۸۶ء وَذُرِّيَّتِنَا قُرَّةَ أَعْيُنِ جب تک تو ہمیں آپس میں ایک دوسرے سے تسکین حاصل کرنے کے طریق نہیں سکھائے گا، جب تک تو ہمیں وہ محبت عطا نہیں کرے گا، جس کی تلاش میں ہم سرگرداں ہیں جس کے بغیر کوئی دل مکمل نہیں ہوتا ایک دوسرے سے، کسی اور سے نہیں اس وقت تک ہمیں چین نصیب نہیں ہوسکتا اس لئے ہم تجھ سے دعا مانگتے ہیں اور اس دعا کے نتیجے میں دو باتیں ظاہر ہوتی ہیں۔اول یہ کہ انکسار سکھانے کے علاوہ انسان متوجہ رہتا ہے اس طرف کہ میں نے کس سے سکون حاصل کرنا ہے، کس کی محبت حاصل کرنا میرے دل کی تمنا ہے۔اگر وہ دل کی تمنا نہ ہو تو دعا بن نہیں سکتی اور دعا بن جائے تو دل کی تمنا نہ بھی ہو، تو انسان کی توجہ اس طرف پیدا ہو جاتی ہے اور انسان یہ سمجھتا ہے کہ میرے فرائض میں سے ایک یہ ہے کہ جب میں دعا مانگ رہا ہوں تو کچھ کر کے بھی تو دکھاؤں اس لئے ایک دوسرے کے ساتھ ایک خاص تعلق پیدا ہوتا ہے جو اسلام کے سوا پیدا ہونا کسی معاشرے میں ممکن ہی نہیں۔اس دعا کے بغیر یہ تعلق پیدا نہیں ہو سکتا۔پھر اللہ تعالیٰ فضل فرماتا ہے اور ایک دوسرے سے چشم پوشی کے گر سکھاتا ہے۔ایک دوسرے سے انسانیت کی خاطر، خدا کی خاطر، اسلام کی خاطر ، نرمی کا سلوک سکھاتا ہے اور عفو سے کام لینا سکھاتا ہے اور انسان کا رُخ بجائے اس کی برائیوں کی طرف پھرنے کے خو بیوں کی طرف منتقل ہونے لگتا ہے۔بجائے اس کے کہ وہ مرد عورت کی برائیوں پر ہر وقت نظر رکھے اور یہ بتا تا ر ہے کہ جب تک تم یہ نہیں چھوڑو گی تم میری پیاری نہیں ہوسکتی اور عورت مرد کو کہے کہ جب تک تم اس بدی سے باز نہیں آؤ گے تم مجھے اچھے نہیں لگ سکتے ، وہ یہ دیکھنے لگ جاتے ہیں کہ ان میں خوبیاں تو ڈھونڈیں۔مرد جب هَبْ لَنَا مِنْ اَزْوَاجِنَا وَذُرِّيَّتِنَا کی دعا کرتا ہے تو لازماً خوبیوں کی تلاش کی طرف توجہ پیدا ہوتی ہے اور وہ اچھی باتیں دھیان میں لاتا ہے، جن اچھی باتوں کے نتیجے میں اُسے ابتداء پیار ہوا تھا۔اس سے اُن کو وہ بقا بخشنے کی کوشش کرتا ہے، دوام بخشنے کی کوشش کرتا ہے۔اسی طرح عورت کا حال ہوتا ہے۔اور دوسرا یہ کہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے غائبانہ مد دضرور ملتی ہے۔سنجیدگی سے آپ دعا کر کے دیکھیں اور اپنی پہلی زندگی کو اپنی نظر میں رکھیں اور اس دعا کے بعد اپنی بعد کی زندگی کو نظر میں رکھیں تو آپ حیرت انگیز تبدیلی پائیں گے۔بہت سی ایسی باتیں جن سے لگتا ہے کہ گزارا مشکل ہے کیا کریں گے؟ کس طرح زندگی کٹے گی؟ اس دعا کے بعد آسان ہو جاتی ہیں اور اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے ایک دوسرے کی اصلاح شروع کر دیتا ہے۔مرد کی سختی کو کم کرتا ہے، عورت کی کبھی کو سیدھا کرنے لگ جاتا ہے یا برعکس صورت جو بھی ہو۔