میری پونجی

by Other Authors

Page 336 of 340

میری پونجی — Page 336

اچھی فصلیں چاہتے ہو تو اچھے بیج ہی بونا ہو گا ہنسو گے، ساتھ ہنسے گی دنیا، بیٹھ اکیلے رونا ہوگا یہ میری 73 سال کی بہترین پونچی ہے جس میں دکھ بھی آئے اور سکھ بھی۔ہر انسان کی زندگی میں خوشیاں بھی آتی ہیں اور غم بھی یہ دونوں ہی زندگی کا حصہ ہیں، اور ہر ایک کا اپنا اپنا مزہ ہے۔دکھ دل کو گداز کرتا ہے۔مجھے ایسا لگتا ہے ہر انسان کو زندگی میں ہمیشہ اچھی اچھی چیزوں کی ہی توقع نہیں رکھنی چاہئے۔ہمیں دکھ سکھ ، صحت، بیماری، کامیابی ، نا کامی بھی کیلئے ہمیشہ تیار رہنا چاہے۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں ہر امتحان میں کامیاب کرے۔آمین۔میرے سر پر ہمیشہ اللہ تعالیٰ کا سایہ رحمت رہا۔اُسی مضبوط سہارے کے ساتھ میں نے اپنی یہ زندگی گزاری ہے۔اب اللہ ہی بہتر جانتا ہے کہ کب تک میں نے ابھی اور اس دنیائے فانی میں وقت گزارنا ہے۔مجھے یقین ہے اللہ تعالیٰ میرے ساتھ ہو گا۔اللہ کرے کہ ایسا ہی ہو۔سب پڑھنے والوں سے میری درخواست ہے کہ میری مغفرت کیلئے ضرور دعا کریں۔جیسے اس دنیا میں رب العالمین میر اپل پل سہارا بنا۔اگلے جہاں میں بھی مجھے اپنی رحمت کی چادر میں لپیٹ لے۔آمین ثم آمین۔خدا حافظ۔صفیہ بشیر احمد سامی اہلیہ بشیر الدین احمد سامی (مرحوم) (336)