میری پونجی

by Other Authors

Page 272 of 340

میری پونجی — Page 272

شروع ہوئی۔جتنا عرصہ امی جان ہسپتال میں رہیں ابا جان سارا سارا دن اُن کے پاس گزارتے اور ہسپتال جاتے ہوئے اپنی ٹرالی پھل فروٹ سے اور چاکلیٹ سے بھر کر لے جاتے۔امی جان کے ساتھ ساتھ باقی مریضوں کی بھی تیمار داری کرتے۔تمام مریض بھی اباجان کو دیکھ کر بہت خوش ہوتے۔مریضوں کے ساتھ ساتھ نرسوں اور ڈاکٹروں کو بھی کوئی نہ کوئی تحفہ دیتے رہتے اور اُن کو خوش رکھتے۔جب امی جان گھر آگئیں تو بے شک یہاں کی گورنمنٹ کی طرف سے اُن کو یہ سہولت تھی کہ کھانا بنانے اور گھر کے کام کاج کیلئے میڈ آتی تھی۔اگر چہ میرا بھائی اور بھابی بھی اُن کے بہت قریب تھے لیکن گھر میں چوبیس گھنٹے ابا جان نے اُن کو خوب خوب سنبھالا۔اسی طرح ایک بار شروع شروع کی بات ہے جب امی جان بس میں سوار ہوئیں تو اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکیں اور گر گئیں۔ہاتھ کو شدید چوٹ آئی ، بہت عرصہ ہاتھ پر پلستر لگارہا۔ابا جان نے امی جان کو بہت اچھی طرح سے سنبھالا۔اس بات میں بھی کوئی شک نہیں کہ میرے بھائی خالد اور بھابی نے اُس وقت بھی بہت خدمت کی تھی اور یہ بات بھی صحیح ہے کہ مجھے اپنے والدین کی خدمت کا ویسے موقعہ نہیں ملا جیسا کہ میرے بھائی اور بچوں کو ملا۔آٹھ دن بعد یا پندرہ دن کے بعد میرا بھی جانا رہتا تھا۔میں کافی فاصلے پر رہتی تھی۔بہت جلدی جلدی چھوٹے چھوٹے بچوں کے ساتھ جانا ممکن نہیں تھا۔میرے ابا جان کو بازار سے سودا سلف لانے کا بہت شوق تھا۔وہ اکثر ٹرالی لیکر مارکیٹ جاتے۔ٹرالی بھر کر پھل، سبزی اور خاص طور پر مچھلی ضرور ہوتی جو انہیں بہت مرغوب تھی۔فروٹ اور سبزی وہ اپنے لیے نہیں لاتے تھے۔وہ ٹرالی لیکر پہلے خالد کے گھر جاتے اُن کی ضرورت کی چیزیں اُن کو دیتے پھر اپنے گھر آ کر تھوڑا تھوڑا فروٹ تمام ہمسائیوں کو دیتے۔ہمسائے تمام انگریز ہی تھے لیکن وہ سب امی ابا جان سے بہت خوش تھے۔بے شک امی ابا جان دونوں کو یہاں کی زبان نہیں آتی تھی لیکن تحفے تحائف کی زبان نے اُن کی بہت ساری مشکلات کو دور کر دیا تھا۔جب بھی میرے گھر آتے وہی ٹرالی بھری ہوئی ہوتی یا پھر جب میں فون کرتی کہ میں آ رہی ہوں تو دونوں کا پہلا یہ سوال (272)