مضامین بشیر (جلد 2) — Page 839
۸۳۹ مضامین بشیر قادیان کے تازہ حالات الحمد اللہ سب بھائی خیریت سے ہیں قادیان میں ہمارے جملہ دینی بھائی خیریت سے ہیں البتہ محمود احمد صاحب مبشر اور میاں بدرالدین صاحب اور غلام جیلانی صاحب کچھ بیمار ہیں دوست ان کی صحت کے لئے دعا فرمائیں۔گذشتہ دنوں میں جبکہ ہر دو حکومتوں کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی تھی تو گورداسپور کے مقامی حکام نے قادیان کے احمدیوں کو پولیس کے بغیر ادھر ادھر جانے سے روک دیا تھا لیکن اب پھر اس معاملہ میں سہولت پیدا ہو گئی ہے۔انہیں ایام میں قادیان میں ہمارے بھائیوں کا ٹیلیفون کنکشن بھی کاٹ دیا گیا تھا لیکن وہ بھی پھر بحال کر دیا گیا ہے۔گذشتہ ایام میں میاں فضل الہی صاحب درویش کی پھوپھی صاحبہ کا ایک لمبی بیماری کے بعد ر بوہ میں انتقال ہو گیا۔انسا الله وانا اليه راجعون۔میاں فضل الہی صاحب ایک مخلص کا رکن ہیں۔اللہ تعالیٰ اس صدمہ میں ان کا حافظ و ناصر ہو۔قادیان کے دو درویشوں کے نکاح کا اس سے پہلے اعلان ہو چکا ہے۔اب تازہ خبر سے معلوم ہوا ہے کہ اب ایک تیسرے درویش مستری غلام حسین صاحب کی بھی قادیان میں شادی ہوئی ہے۔یہ تینوں شادیاں ہندوستان کے احمدی خاندانوں میں ہوئی ہیں۔اللہ تعالیٰ انہیں ہر جہت سے مبارک اور مثمر ثمرات حسنہ بنائے۔گذشتہ جلسہ سالانہ کے بعد ہندوستان کے مختلف حصوں سے بعض احمدی خاندان قادیان میں پہنچے ہیں ، ان میں بعض عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔اس وقت تبلیغی اور تربیتی اور تنظیمی لحاظ سے ہندوستان کی احمدی جماعتوں کی نگرانی قادیان کی صدرانجمن احمدیہ کی طرف سے کی جاتی ہے اور ہندوستانی جماعتوں کے چندے بھی قادیان میں پہنچتے ہیں۔۲۲ / اپریل کو ہندوستان کے مختلف حصوں کی طرف قادیان سے مبلغ بھجوائے گئے جو ہندوستان میں تبلیغ اسلام کا فریضہ ادا کریں گے۔احباب انہیں اپنی دعاؤں میں یا درکھیں۔( مطبوعه الفضل ۲ رمئی ۱۹۵۰ء)