مضامین بشیر (جلد 2) — Page 377
۳۷۷ مرکز پاکستان کے لئے پیشہ وروں کی ضرورت مضامین بشیر جیسا کہ احباب کو معلوم ہو چکا ہے مرکز پاکستان کے لئے جو فی الحال قادیان کا بھی قائم مقام ہوگا اور خود حضرت امیر المومنین خلیفتہ المسیح الثانی ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اس میں رہائش اختیار فرمائیں گے۔چنیوٹ کے پاس ایک وسیع رقبہ حاصل کر لیا گیا ہے۔اور اس رقبہ میں عنقریب آبادی کا کام شروع ہونے والا ہے۔حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ بنصرہ العزیز کا یہ ارادہ ہے کہ جہاں تک ممکن ہو یہ آبادی جلد تر شروع کر دی جائے۔تاکہ حضور اور حضور کے ساتھ کے رفقاء اور کا رکن مرکز کی صورت میں ایک جگہ بیٹھ کر سلسلہ کا کام سرانجام دے سکیں۔اس آبادی کے لئے جس کا ایک نماز اور دعا کے ذریعہ ابتدائی افتتاح بھی ہو چکا ہے مختلف قسم کے پیشہ وروں کی ضرورت ہے اور پیشہ ور ہر دو قسم کے درکار ہیں۔یعنی وہ بھی جو عمارتی کام سے تعلق رکھتے ہیں۔مثلاً راج۔اور ترکھان اور لوہار وغیرہ اور وہ بھی جو ایک آباد شدہ بستی کے لئے درکار ہوتے ہیں۔یعنی درزی اور دھوبی اور نائی اور قصاب اور موچی وغیرہ۔پس ایسے جملہ پیشہ ور ا حباب کو چاہئے کہ فوراً اپنی اپنی درخواستیں سیکرٹری یا صدر تعمیر کمیٹی مرکز پاکستان جو دھامل بلڈنگ ، جو دھامل روڈ لاہور کے نام بھجوا دیں۔اور درخواست میں یہ صراحت کر دیں کہ وہ کس پیشہ کا تجربہ رکھتے ہیں۔اور آیا وہ قادیان میں بھی یہ کام کر چکے ہیں یا نہیں۔دکان کے لئے کمرہ یا خیمہ واجبی کرایہ پر مہیا کیا جائے گا۔اور حسب حالات رہائش کے لئے بھی انتظام کیا جائے گا۔دوستوں کو یاد رکھنا چاہیئے کہ یہ ایک خاص خدمت کا موقع ہے۔جس میں وہ ہم خرما و ہم ثواب کے مستحق ہونگے اور ان کی خدمت تاریخ احمدیت میں یادگار رہے گی۔( مطبوعه الفضل ۳۰ ستمبر ۱۹۴۸ء)