ملفوظات (جلد 8)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 258 of 389

ملفوظات (جلد 8) — Page 258

تلوار ہمارے ہاتھ میں ہے اور نہ ہم اس امر کے واسطے مامور ہیں کہ تلوار چلائیں اور نہ ہمارے پاس جنگ کے سامان ہیں۔لیکن ہماری تلوار آسمان پر ہے۔دنیا میں جس عظیم الشان انقلاب کو ہم چاہتے ہیں کہ لوگ خدا کی طرف جھکیں اور اس کی ہستی پر ایمان لاویں وہ ہمارے اختیار میں نہیں۔کتابوں کے لکھنے سے بھی کچھ نہیں ہوتا۔گو ایک ہرے بھرے باغ کی طرح دلائل کا مجموعہ ہم نے اکٹھا کیا ہے۔لیکن اس کی طرف کوئی توجہ نہیں کرتا۔خدا تعالیٰ اپنے فضل سے کچھ کرے گا۔میرا قلب محسوس کرتا ہے کہ اس وقت دنیا ایسی سخت غفلت میں پڑی ہوئی ہے کہ بغیر الیم اور شدید عذاب کے ماننے والے نہیں۔حدیثوں سے ثابت ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی یہ نہیں فرمایا کہ آنے والا مسیح مُردوں کو زندہ کرتا پھرے گا بلکہ یہ فرمایا کہ زندوں کو مارے گا۔(جیسا کہ طاعون وغیرہ نشانات میں ہلاکت ہو رہی ہے)۱ بلا تاریخ مسیح موعودؑ کی نصائح عورتوں کو گھر میں (رقم زدہ صاحبزادہ میاں بشیر الدین محمود احمدصاحب) (منقول از رسالہ تشحیذ الاذہان بابت جون ۱۹۰۶ء) غیبت (فرمایا) غیبت کرنے والے کی نسبت قرآن کریم میں ہے کہ وہ اپنے مُردہ بھائی کا گوشت کھاتا ہے۔عورتوں میں یہ بیماری بہت ہے۔آدھی رات تک بیٹھی غیبت کرتی ہیں اور پھر صبح اٹھ کر وہی کام شروع کر دیتی ہیں۔لیکن اس سے بچنا چاہیے۔عورتوں کی خاص سورت قرآن شریف میں ہے۔حدیث میں آیا ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں کہ میں نے بہشت میں دیکھا کہ فقیر زیادہ تھے اور دوزخ میں دیکھا کہ عورتیں بہت تھیں۔۱ بدر جلد ۲ نمبر ۲۳ مورخہ ۷؍جون ۱۹۰۶ء صفحہ ۳