ملفوظات (جلد 10)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 339 of 470

ملفوظات (جلد 10) — Page 339

اختیار کرتا ہے اسی قدر روشن ضمیر ی بھی اسے عطا کی جاتی ہے۔مخالفت دینی اور مذہبی اَور ہے اورحکومت اَورچیز ہے۔اگر عدالت کو مدّ ِنظر نہ رکھیں تو ایک دن میں یہ تختہ الٹ جاوے۔مسلمانو ں کا یہ خیال کہ ہمیں اعلیٰ اعلیٰ عہدے کیوں نہیں دیئے جاتے یہ ان کی اپنی غلطی ہے۔یاد رکھو کہ کوئی کام جب تک پہلے آسمان پر نہیں ہولیتا زمین پر ہرگز نہیں ہوسکتا۔خودنیک چلنی اختیار کرو اوراپنی حالت کو سنوارو۔اس قابل بنو کہ خدا کی نظر میں آسمان پر تم اس قابل ٹھہر جائو کہ تمہیں عزت مل سکے تو پھر خود خدا تمہیں سب کچھ دے دے گا۔اپنی حالتوں کو بدل کہ تا خدا بھی تمہارے واسطے کوئی اور راہ بناوے۔ورنہ یاد رکھو کہ خدا نہیں چھوڑے گاجب تک کہ تم اپنی حالت کو نہیں سنواروگے۔تزکیہ نفس میں ہی کامیابیوں کا راز پنہاں ہے تیسرامقام خداکے شکر کا یہ ہے کہ یہ خاص خدا کا فضل ہے کہ اس نے آپ لوگوں کے دلوں میں اس طرف توجہ ڈالی اور آپ لوگ یہاں تکلیف اٹھا کر تشریف لائے۔خدا کرے کہ جس طرح ہم جسمانی طور سے مل کر بیٹھے ہیں اور جسمانی ملاقات ہوئی ہے اسی طرح ایک دن وہ بھی آوے کہ روحانی طور سے بھی ہم مل بیٹھیں۔خدا نے انسان کو زبان دی اور ایک دل بخشا ہے۔صرف زبان سے کوئی فتح نہیں ہوسکتی۔دلوں کو فتح کرنے والا دل ہی ہوتا ہے جو قوم صرف زبانی ہی زبانی جمع خرچ کرتی ہے یاد رکھو کہ وہ کبھی بھی فتحیاب نہیں ہوسکتی۔صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم کا نمونہ دیکھو کیا ان کے پاس کوئی ظاہری سامان تھے ؟ہر گز نہیں۔مگر پھر بایں ہمہ کہ وہ بے سروسامان تھے اور دشمن کثیر اورہر طرح کے سامان اسے مہیّا تھے ان کو خدا نے کیسی کیسی بے نظیر کا میابیاں عطا کیں بھلا کہیں کسی تاریخ میں ایسی کامیابی کی کوئی نظیر ملتی ہےـ؟ تلاش کرکے دیکھ لو مگر لاحاصل۔پس جو شخص خدا کو خوش کرنا چاہتا ہے اورچاہتا ہے کہ اس کی دنیا ٹھیک ہوجاوے، خود پاک دل ہوجاوے۔نیک بن جاوے اور اس کی تمام مشکلات حل اور دکھ دور ہوجاویں اور اس کو ہر طرح کی کامیابی اورفتح ونصرت عطا ہو تو اس کے واسطے اللہ تعالیٰ نے ایک اصول بتایا ہے اوروہ یہ