مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 213
حضرت مفتی محمد صادق صاحب ؓ تحریر کرتے ہیں۔جبکہ عاجز اکثر ہلکے بخار میں گرفتار رہنے میں مبتلا تھا تو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام اکثر خود میرے علاج کی طرف توجہ فرماتے تھے۔ایک دفعہ میں نے ایک گولی کے متعلق جو حضورؑ نے مجھے کھانے کے واسطے دی کچھ لکھا اور دوبارہ وہی گولی طلب کی۔تو حضورؑ نے یہ جواب لکھا: مکتوب نمبر۴۴ السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ معلوم نہیں کہ آپ نے کس وقت گولی کھائی تھی اور گولی کھانے کے بعد کیا اثر اُس کا رہا۔طبیعت میں کیا حالت محسوس ہوئی۔اور پہلے کی نسبت اُس گولی کے بعد کیا معلوم ہوا اور گولی کس وقت کھائی۔اور بخار کس وقت ہوا۔۱۹۰۵ء مرزا غلام احمدعفی اللہ عنہ اخبار بدر جب قادیان میں چھپتا تھا۔تو اس کے مالک میاں مِعراج الدین صاحب عمر جو لاہور میں رہتے ہیں۔اور ایڈیٹری پر عاجز مامُور تھا۔اور مجھے روپے تنخواہ ملتی تھی۔رفتہ رفتہ بدر کا کام بڑھ گیا۔اس واسطے میں نے حضرت صاحبؑ کو لکھا کہ اخبار پہلے آٹھ صفحہ کا تھا۔اب بارہ ۱۲ صفحہ کا ہے۔خریداروں میں بھی تین سَو کا اضافہ ہو گیا ہے۔اور میری محنت بڑھ گئی ہے۔میں چاہتا ہوں کہ میاں صاحب کو لِکھوں اورمجبور کروں کہ میری تنخواہ میں ترقی کریں۔اِس کے جواب میں حضورؑ نے مجھے تحریر فرمایا: