مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 186
(۳) میں نے آپؑ حضور کی خدمت میں ایک رقعہ لکھا ہے (غالباً جرمن زبان پڑھنے کے متعلق) آپؑ نے جواب میں عبدالمجید کے ہاتھ مجھے ایک سنہری لونگ بھیجا ہے۔جو عورتیں ناک میں لگاتی ہیں اور اس پر سفید موتی جڑے ہوئے ہیں۔میری بیوی نے بھی میرے واسطے استخارہ کیا تھا۔اُس نے خواب میں دیکھا کہ کچھ لوگ اپنا گوشت کاٹ کاٹ کر ہمارے آدمیوں کو دے رہے ہیں۔چند روز ہوئے میں نے رؤیا میں دیکھا تھا کہ میں حضورؑ کے ساتھ کہیں جا رہا ہوں۔حضورؑ کا لباس سفید ہے اور حضورؑ کا نام الیگزنڈر (سکندر) بلے ٹیور ہے۔اور تفہیم یہ ہے کہ یہ جرمن لفظ ہے۔اور اس کے معنے ہیں صادق۔پھر رؤیا میں معلوم ہوا کہ اس کے معنے ہیں شفادہندہ۔پس اگر حضورؑ کا حکم ہو تو میں آج جرمن زبان کا پڑھنا شروع کر دوں۔۱۹؍مارچ۱۹۰۳ء حضورکی جوتیوں کا غلام عاجز محمد صادق مکتوب نمبر ۱۲ عزیزی اخویم مفتی صاحب سلمہُاﷲ تعالیٰ السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ ان خوابوں سے تو کچھ بھی اجازت محسوس نہیں ہوتی۔بہتر ہے۔ذرا صبر کریں۔جب تک جرمن کی حقیقت اچھی طرح کُھل جائے۔معلوم نہیں کہ جرمن سے کوئی عربی اخبار بھی نکلتا ہے۔جیسا کہ عربی اخبار امریکہ سے نکلتاہے۔کوئی اور کوئی سبیل اشاعت ڈھونڈنا چاہئیے۔والسلام خاکسار مرزا غلام احمدعفی عنہ