مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 504 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 504

مکتوب نمبر ۷۰ ملفوف بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مخدومی مکرمی اخویم منشی رستم علی صاحب سلّمہ تعالیٰ۔بعد السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ عنایت نامہ پہنچا۔جو کچھ آپ نے ایک سال کے وعدہ پر تین سو روپیہ دینا کیا ہے۔اس سے بہت خوشی ہوئی۔لیکن اس بات کوبھی اپنے لئے گوارا کر لیں کہ یہ وعدہ اس تاریخ سے ہو کہ جب سراج منیر چھپ کر تیار ہو جائے۔کیونکہ سراج منیر کی چھپائی کا کام پانچ یا چھ ماہ تک ختم ہو گا۔چونکہ یہ روپیہ سراج منیر ہی کی فروخت سے نکالا جائے گا اس لئے صرف چھ ماہ ایک خطرناک عہد ہے۔ایسا ہونا چاہئے کہ ایک سال پر چھ ماہ اور زائد کئے جائیں۔بقیہ فروخت کتب کا جو روپیہ ہے اگر وہ آپ بہت جلد ساتھ لاویں تو آپ کی ملاقات بھی ہو جائے اور روپیہ بھی آ جائے۔آپ امرتسر میں نہیں آسکے۔اگر اس جگہ ملاقات ہو جائے بہت خوشی کی بات ہے۔اگر آپ آویںتو دو روپیہ کی شکر جو عمدہ ہو اور نیز ایک بوتل چٹنی کی اور دو شیر مال میرے حساب میں خرید کر ساتھ لاویں ا ور اگر جلدتر آنا ممکن نہ ہو توبقیہ روپیہ فروخت کتب کا بذریعہ منی آرڈر بھیج دیں۔لیکن جلد آنا چاہئے کیونکہ مجھے اس وقت روپیہ کی بہت ضرورت ہے اور نیز میرا ارادہ ہے اگر خدا تعالیٰ چاہے تو پختہ ارادہ ہے کہ اسی ماہ رمضان میں جوبہت مبارک ہے، یہ کام شروع کیا جائے۔سو اگر آپ تشریف لاویں تو بعض امور کا مشورہ آپ سے لیا جائے۔اگر ممکن ہو تو مکرمی اخویم میر عباس علی صاحب بھی ساتھ آجائیں توبہتر ہو۔میر صاحب سے استصواب کر لیں۔یہ کام بہت عظیم الشان ہے۔دوستوں کامشورہ اس میں بہتر ہے اور بعض مشورہ طلب امور بھی ہیں۔آپ پہلے اپنے آنے کی پختہ گنجائش نکال کر پھر میر صاحب کولکھیں۔زیادہ خیریت ہے۔والسلام ۲۹؍ مئی ۱۸۸۷ء خاکسار غلام احمد