مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 474 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 474

مکتوب نمبر ۲۶ خط بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مشفقی مکرمی اخویم منشی رستم علی صاحب سلّمہ تعالیٰ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔یہ عاجز ہوشیار پور بخیریت پہنچ گیا ہے۔یاد نہیں رہا، پہلے بھی اس جگہ آکر آپ کو اطلاع دی یا نہیں۔اس لئے مکر ّر آپ کی خدمت میں لکھا گیا۔آپ بھی دعا کرتے رہیں کہ اللہ تعالیٰ اپنے فضل وکرم سے جلدتر اس کام کو انجام تک پہنچاوے اور یہ عاجز شیخ مہر علی صاحب رئیس کے مکان پر اترا ہے اور اس پتہ سے خط پہنچ سکتا ہے۔چوہدری محمد بخش صاحب کو سلام مسنون پہنچے۔باقی خیریت ہے۔والسلام ۲۸؍ جنوری ۱۸۸۶ء خاکسار غلام احمد عفی عنہ مکتوب نمبر ۲۷ خط بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مخدومی مکرمی اخویم سلّمہ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔عنایت نامہ پہنچا۔یہ خبر غلط ہے کہ یہ عاجز جالندھر آنے کاارادہ رکھتا ہے۔ابھی تک مجھ کو کچھ خبر نہیں کہ کب تک اس شہر میں رہوں اور کس راہ سے جائوں۔یہ سب باتیں جناب الٰہی کے اختیار میں ہیں۔اُفَوِّضُ اَمْرِیْ اِلَی اللّٰہِ ھُوَنِعْمَ الْمَوْلٰی وَنِعْمَ النَّصِیْرُ۔شائد منشی الٰہی بخش صاحب اکائونٹنٹ کچھ انگور اور کچھ پھلی کیلا اگر دستیاب ہو گیا لا ہور سے اس عاجز کیلئے آپ کے نام ریل میں بھیجیں۔سو اگر آیا تو کسی یکّہ بان کے ہاتھ پہنچاویں۔بخدمت چوہدری محمد بخش صاحب سلام مسنون۔والسلام خاکسار ۱۱؍ فروری ۱۸۸۶ء غلام احمد عفی عنہ