مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 399 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 399

مکتوب نمبر۷۰ مخدومی مکرمی اخویم سیٹھ صاحب سلّمہ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔خدا تعالیٰ کے فضل و توفیق سے ہمیشہ نماز اور خارج کے وقت آپ کی مہمات اور بہبودی دنیاوآخرت کے لئے دعا کرتا ہوں اورامید وار ہوں کہ قبول حضرت عزت ہو۔کل سے میری طبیعت علیل ہو گئی ہے۔کل شام کے وقت مسجد میں اپنے تمام دوستوں کے رُوبرو، جو حاضر تھے، سخت درجہ کا عارضہ لاحق حال ہوا اور یک دفعہ تمام بدن سرد اور نبض کمزور اور طبیعت میں سخت گھبراہٹ شروع ہوگئی اورایسا معلوم ہوتا تھا کہ گویا زندگی میں ایک دو دم باقی ہیں۔بہت نازک حالت ہو کر پھر صحت کی طرف عود ہوا۔مگر اب تک کُلّی اطمینان نہیں۔کچھ کچھ آثار عود مرض کے ہیں۔اللہ تعالیٰ فضل و رحم فرماوے۔ایسے وقتوں میں مجھے ہمیشہ مشک کام آتی ہے اس وقت مشک جو بمبئی سے آپ نے منگوا کر بھیجی تھی، گھر سے منگوائی گئی تھی لیکن طبیعت کی سخت سر گردانی اور دل کے اضطراب کی وجہ سے وہ مشک کھولنے کے وقت زمین پر متفرق ہو کر گر گئی اور گرمی کے سبب سے، خشک تھی اورہو اچل رہی تھی، ضائع ہو گئی اس لئے مجھے دوبارہ آپ کو تکلیف دینی پڑی۔یہ مشک بہت عمدہ تھی اس دوکان سے ایک تولہ مشک لے کر جہاں تک ممکن ہو جلد ارسال فرماویں کہ دورہ مرض کا سخت اندیشہ ہے اور خد اتعالیٰ کے فضل پر بھروسہ ہے۔آپ نے یہ مشک بمبئی سے منگوائی تھی۔باقی خیریت ہے۔اس وقت بھی طبیعت صحت پر نہیں۔رجسٹری کرا کر یہ خط بھیجتا ہوں۔میں انشاء اللہ القدیر آپ کے صاحبزادہ سیٹھ احمدصاحب کے لئے اور ان کی دنیا و عاقبت کی کامیابی کے لئے بہت دعاکروں گا میری طرف سے سلام عَلَیْکَ ان کو پہنچے۔والسلام ٭ خاکسار مرزا غلام احمد از قادیان