مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 400 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 400

مکتوب نمبر۷۱ مخدومی مکرمی اخویم سیٹھ صاحب سلّمہ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔آج آپ کی تار کے ذریعہ سے یک دفعہ ایک غم کی خبر یعنی واقعہ وفات عزیزی سیٹھ احمد صاحب کی بیوی کا سن کر دل کو بہت غم اور صدمہ پہنچا ۔دنیا کی ناپائیداری اور بے ثباتی کا یہ نمونہ ہے کہ ابھی تھوڑے دن گزرے ہیں کہ عزیز موصوف کی اس شادی کا اہتمام ہو اتھا اورآج وہ مرحومہ قبر میں ہے جس قدر اس ناگہانی واقعہ سے آپ کو اور سب عزیزوں کو صدمہ پہنچا ہو گا اس کا کون اندازہ کر سکتا ہے۔اللہ تعالیٰ صبر جمیل عطا فرمائے اور نعم البدل عطا فرماوے اور عزیزی سیٹھ احمد صاحب کی عمر لمبی کرے آمین ثم آمین۔اس خبر کے پہنچنے پر ظہر کی نماز میں جنازہ پڑھا گیا اور نماز میں مرحومہ کی مغفرت کے لئے بہت ہی دعا کی گئی۔اللہ تعالیٰ آپ کو ایسے غم اور صدمہ کے عوض میں بہت سی خوشی پہنچاوے آمین۔باقی تادم تحریر خیریت ہے۔والسلام ۱۳؍ اگست ۱۸۹۹ء خاکسار میرزا غلام احمد