مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 276 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 276

مکتوب نمبر۶۹ ژ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ محبی عزیزی اخویم نواب صاحب سلّمہ اللہ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ عنایت نامہ پہنچا۔حال معلوم ہوا مجھ کو پہلے ان مجبوریوں کا مفصل حال معلوم نہ تھا اب معلوم ہوا۔اس لئے میں اپنے خیال کو ترک کرتا ہوں۔خدا تعالیٰ جلد تر شفا بخشے آمین۔میں نے ان دنوں میں آپ کے لئے بہت بہت دعا کی ہے اور دعا کرنے کا ایسا موقعہ ملا کہ کم ایسا ملتا ہے۔الحمدللہ۔امیدکہ جلد یا کسی دیر سے ان دعاؤں کا ضرور اثر ظاہر ہوجائے گا۔دوسرے آپ کو یہ تکلیف دیتا ہوں۔میں بروز پنجشنبہ ۲۷؍ اکتوبر ۱۹۰۴ء سیالکوٹ کی طرف مع اہل و عیال جاؤں گا اور شاید ایک ہفتہ تک وہاں رہوں اور شاید دو روز کیلئے کڑیانوالہ ضلع گوجرانوالہ میں جاؤں اور میرے ساتھ اہل و عیال اور چھوٹے بچے ہیں۔آپ براہِ مہربانی ہفتہ عشرہ کے لئے مرزا خدا بخش صاحب کو میرے اس سفر میں ہمراہ کر دیں تا ایک حصہ حفاظت اور کام کا ان کے سپرد کیا جائے۔امید ہے کہ دس دن تک بہرحال یہ سفر طے ہو جائے گا۔اگر وہ قادیان آ جائیں اور ساتھ جائیں تو بہتر ہے۔زیادہ خیریت ہے۔والسلام ۲۴؍ اکتوبر ۱۹۰۴ء خاکسار مرزا غلام احمد عفی عنہ