خطبات طاہر (جلد 2۔ 1983ء) — Page 236
خطبات طاہر جلد ۲ 236 خطبه جمعه ۲۲ را پریل ۱۹۸۳ء جب تک ہم میں صبر کی صفت نہ پیدا ہو جائے، جب تک ہم اللہ تعالیٰ کی رضا کے تابع بہترین صبر کرنے والے نہ بن جائیں اس وقت تک ہم اس کام کو انجام دے ہی نہیں سکتے۔صبر کے بغیر یہ کام سرانجام دینا ناممکن ہے۔بے صبری قوم کو اس قسم کے کام کی توفیق ہی نہیں مل سکتی۔ابھی چند دن ہوئے ایک ایسی اطلاع ملی جس سے معلوم ہوا کہ جماعت میں خدا کے فضل سے ایسے صبر کرنے والے موجود ہیں۔ہم صرف نظریاتی طور پر صبر کا پرچار نہیں کرتے بلکہ ہماری جماعت ایک ایسی زندہ اور فعال جماعت ہے اور قول و فعل میں ایسی صادق جماعت ہے اور اس کے اندر ایسے صبر کرنے والے لوگ موجود ہیں کہ جن کے نتیجہ میں بالآخر دنیا کے دکھ دور ہوں گے۔چنانچہ لاڑکانہ کے ایک قصبہ وارہ میں چند دن پہلے ایک نہایت دردناک واقعہ رونما ہوا۔ایک احمدی دوست ماسٹر عبدالحکیم صاحب ابڑو تھے جو نہایت غریب طبیعت، نیک نفس اور بڑے اچھے اخلاق والے تھے۔ان کا اثر سارے شہر پر بھی اچھا تھا اور اپنے طلبا پر بھی ان کا بہت ہی نیک اثر تھا اس لئے کسی ذاتی دشمنی کا تو ان کے خلاف کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہو سکتا تھا لیکن کچھ عرصہ سے وارہ کے علماء نے ان کے قتل کے فتوے دینے شروع کئے اور ان کو ایسے خطوط ملنے شروع ہوئے جن میں واضح طور پر قتل کی دھمکیاں دی گئیں اور کہا گیا کہ تم اپنے دین سے توبہ کر لو، اپنے مسلک سے ہٹ جاؤ ورنہ تمہارا انجام بہت برا ہوگا اور تمہیں بہت بری طرح مارا جائے گا۔مجھے بھی انہوں نے دعا کے لئے خط لکھا۔میں نے ان کو جواب میں لکھا کہ آپ خود بھی دعا کرتے رہیں اور صبر سے اپنے مسلک پر قائم رہیں، اس سے پیچھے ہٹنے کا یا روگردانی کرنے کا تو احمدی کے لئے سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، اللہ تعالیٰ کی جو تقدیر ہے وہ بہر حال ظاہر ہوتی ہے۔چنانچہ چند دن پہلے رات کے دو بجے کچھ لوگ جو غلطی سے اسلام کا ایک اور تصور اپنے دل میں بٹھائے ہوئے تھے، کلہاڑیاں لے کر ان کے گھر میں داخل ہوئے اور سوتے کو پکڑ کر پہلے تو کلہاڑی سے ذبح کرنے کی کوشش کی گئی۔اس پر جب انہوں نے مزاحمت کی تو پھر کلہاڑیوں کے کھلے وار کئے گئے چنانچہ ان کے جسم پر کلہاڑیوں کے اٹھائیس گہرے گھاؤ آئے۔پھر انہوں نے اسی پر اکتفا نہ کی بلکہ ان کی بیوی کو بھی کلہاڑیوں سے شدید زخمی کیا گیا، ان کی بچی پر بھی حملہ کیا گیا ، ان کے بیٹے کو بھی زخمی کیا گیا اور یہ کام پورا کر کے انہوں نے سمجھا کہ نعوذ باللہ من ذالك ہم نے اسلام کی فتح کے سامان