خطبات طاہر (جلد 11۔ 1992ء) — Page 378
خطبات طاہر جلد ۱۱ 378 خطبه جمعه ۵/ جون ۱۹۹۲ء بڑا خوشکن پھل ملاوہ یہ تھا کہ جزائر غرب الہند کے ایک نئے ملک میں خدا تعالیٰ کے فضل کے ساتھ احمدیت کا پودا لگا ہے۔یہ فرانسیسی بولنے والا ملک ہے وہاں کے باشندے جو تقریباً کلیۂ رومن کیتھولک عیسائی تھے ان میں سے ایک صاحب کو اسلام قبول کرنے کی توفیق ملی اور وہ صاحب اثر ہیں اور ان کا ایک بڑا خاندان ہے انہوں نے باہر سے آئے ہوئے کچھ اور مسلمان افریقنوں کی مدد کے ساتھ اسلام کی تبلیغ کا کام کیا انہوں نے مجھے بتایا کہ تقریباً دو تین سومسلمان وہاں پیدا ہو چکے ہیں۔یہ جب ہمارے اجلاس میں تشریف لائے تو رفتہ رفتہ بڑی تیزی کے ساتھ ان کے اندر احمدیت کی محبت پیدا ہونی شروع ہوئی لیکن بعد میں گفتگو سے پتا چلا کہ یہ دراصل اس سے پہلے ہی دلچسپی لیتے تھے اور مشن میں ان کا آنا جانا تھا۔وجہ یہ بیان کی کہ مسلمان تو ہو گئے تھے ، توحید سے محبت تھی لیکن جتنے دوسرے مسلمان فرقے دیکھے ان پر دل ٹکتا نہیں تھا اور اُکھڑا اُکھڑ ا محسوس کرتے تھے کہ جس چیز کو میں حاصل کرنا چاہتا تھا وہ حاصل ہو نہیں سکی اس احساس محرومی کے ساتھ یہ متلاشی رہے۔جب فرانس مشن سے ان کا رابطہ ہوا تو بڑی تیزی سے احمدیت میں دلچسپی بڑھنا شروع ہوئی۔جب میں وہاں گیا تو ملاقات کے دوران میں نے اپنی اس خواہش کا اظہار کیا کہ اس علاقے میں جب بھی اللہ تعالیٰ کے فضل کے ساتھ تسلی ہو تو خدا کرے کہ آپ وہ پہلے ہوں جو احمدیت کا پودا لگانے والے ہوں اور ایک منظم طریق کے ذریعہ سارا ملک اسلام کے لئے فتح کرنے والے ہوں تو انہوں نے کہا کہ میرے دل کی تسلی کا تو یہ حال ہے کہ دل چاہتا ہے ابھی بیعت لیں۔میں نے انہیں سمجھایا کہ کچھ اور پڑھ لیں انہوں نے کہا کہ پڑھنے کی سب باتیں تو ایک طرف ہیں۔میں تو آپ سے مل کر اتنا مطمئن ہو چکا ہوں کہ میرے لئے اب مزید انتظار کی گنجائش نہیں۔ان کا جوان بیٹا بھی ساتھ تھا چنانچہ ان دونوں نے بڑی محبت اور اخلاص سے اسی وقت بیعت کی اور مجھ سے یہ عہد کیا کہ میں اپنے ملک کے ان باشندوں کو بھی تبلیغ کروں گا جو یہاں موجود ہیں اور خط و کتابت کے ذریعے اپنے ملک میں بھی تبلیغ کروں گا اور پھر اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ بہت جلد وہاں ایک بڑی تعداد میں احمدی پیدا ہو چکے ہوں گے تو اس وقت میں آپ کو وہاں آنے کی دعوت دوں گا۔اللہ تعالیٰ کے فضل کے ساتھ یہ ایک بہت ہی اچھا پھل تھا جو ہمیں عطا ہوا۔دونوں جگہ مبلغ انچارج ماشاء اللہ بہت عمدہ کام کر رہے ہیں اور سب سے بڑی خوشی کی بات یہ ہے کہ اس سے پہلے جماعتوں میں آپس میں جو کچھ اختلافات اور شکر رنجیاں پائی جاتی