خطبات طاہر (جلد 11۔ 1992ء) — Page 15
خطبات طاہر جلد ۱۱ 15 خطبه جمعه ۱۰/ جنوری ۱۹۹۲ء محض قادیان کی واپسی ہی پیش نظر نہ ہو بلکہ قادیان میں اسلام کی فتح اور غلبہ کے ساتھ واپسی کی امنگ پیش نظر رہے ( خطبه جمعه فرموده ۱۰ار جنوری ۱۹۹۲ء بمقام بیت الاقصی قادیان) تشہد وتعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور نے فرمایا۔اللہ تعالیٰ کے فضل کے ساتھ آج یہ چوتھا جمعہ ہے جو مجھے قادیان دارالامان ، جماعت احمدیہ کے مستقل مرکز میں ادا کرنے کی توفیق عطا ہورہی ہے۔یہ جلسہ جوسو سال کے بعد حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے اس جلسے کی یاد لے کر آیا تھا جو آپ نے پہلی مرتبہ قادیان میں شروع کیا ، اس بہت ہی اہم ادارے کی تقریب قائم فرمائی اور ہمیشہ کیلئے جماعت احمدیہ کے ایک جگہ اکٹھے ہو کر اللہ اور اس کے رسول کی یادوں میں دن بسر کرنے کی ایک بہت ہی عمدہ سنت قائم فرمائی۔یہ ایک ایسی سنت ہے جس کا فیض آج صرف قادیان میں ہی نہیں بلکہ دنیا کے ۱۲۶ ممالک پر ممتد ہو چکا ہے۔یہ جلسہ سالانہ جو کبھی قادیان میں ۷۵ افراد کی شمولیت کے ذریعہ شروع ہوا آج دنیا کے کم از کم ۷۵ ایسے ممالک ہیں جن میں ہزار سے بڑھ کر احمدی اپنے اپنے ملکوں کے جلسہ سالانہ میں شریک ہوتے ہیں اور وہ لنگر جس کی بنیا د حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے یہاں قائم فرمائی اب ایک عالمی لنگر بن چکا ہے اور میں امید رکھتا ہوں کہ خدا تعالیٰ کے فضل کے ساتھ ہمیں یہ توفیق ملے گی کہ عنقریب سوممالک سے زائد ممالک میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے یہ لنگر جاری کر دیں۔