خطباتِ ناصر (جلد 10۔خطبات عیدین و نکاح)

by Hazrat Mirza Nasir Ahmad

Page 312 of 906

خطباتِ ناصر (جلد 10۔خطبات عیدین و نکاح) — Page 312

خطبات ناصر جلد دہم ۳۱۲ خطبہ نکاح ۱۶ راگست ۱۹۶۶ء قرآن کریم ایک سنی جانے والی کتاب بھی ہے اور قرآن کریم ایسی کتاب ہے جو اس لئے نازل ہوئی ہے کہ اس پر عمل کیا جائے اور اس کے احکام کے مطابق اپنی زندگیوں کو ڈھالا جائے۔قرآن کریم پڑھی جانے والی کتاب ہے جیسا کہ خود لفظ قرآن کے ایک لغوی معنے ہی یہ ہیں کہ ایسی کتاب جسے بار بار اور کثرت سے پڑھا جائے۔اس میں ایک طرف ایک حکم ہے کہ جس امت مسلمہ کے ہاتھ میں یہ کتاب دی گئی ہے اسے اس کتاب کو کثرت سے زیر مطالعہ رکھنا چاہیے۔اس میں ایک پیشگوئی بھی تھی کہ امت مسلمہ کے لاکھوں کروڑوں افراد اس کتاب کو بار بار اور کثرت سے پڑھیں گے چنانچہ گزشتہ چودہ سو سال میں کروڑوں آدمی ایسے پیدا ہوئے اور نہیں کہہ سکتے کہ قیامت تک اور کتنے کروڑ ایسے مسلمان پیدا ہوں گے جو قرآن کریم کے اس حکم کے مطابق اور اللہ تعالیٰ کے اس منشا کے مطابق کثرت سے تلاوت کرنے والے ہوں گے۔امت محمدیہ میں ایسے بزرگ بھی گزرے ہیں جو یا تو اپنی عمر کے اس حصہ سے جب انہوں نے اس طرف توجہ کی یا کم از کم رمضان کے مہینے میں ہر تین دن میں قرآن کریم کا دور ختم کر لیتے تھے۔پس خدا کے منشا اور اس کی پیشگوئی کے مطابق اس کتاب کو اس کثرت سے پڑھا گیا ہے کہ اس دنیا میں کوئی ایسی کتاب نہیں جس کو اس کثرت سے پڑھا گیا ہو اور اس سے اس کثرت کے ساتھ برکات حاصل کی گئی ہوں۔قرآن کریم ایک ایسی کتاب ہے جس پر ہمیشہ غور ہوتے رہنا چاہیے۔اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں مختلف مقامات پر بنی نوع انسان کو اس طرف متوجہ کیا ہے مثلاً فرمایا أَفَلا يَتَدَبَّرُونَ الْقُرْآنَ (النساء : ۸۳) کہ وہ کیوں تدبر سے کام نہیں لیتے۔ایک جگہ فرمایا کہ یہ کتاب ان لوگوں کو فائدہ پہنچاتی ہے جو عقل سے کام لیتے ہیں فکر کرتے ہیں۔پھر اس کتاب کو کتاب حکیم قرار دیا ہے یعنی حکمتوں کے نہ ختم ہونے والے خزانے اس کے اندر پائے جاتے ہیں۔اس زاویہ نگاہ سے بھی اگر ہم تاریخ قرآن کا مطالعہ کریں تو ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ اس امت میں لاکھوں، کروڑوں انسان ایسے گزر چکے ہیں (اور آئندہ بھی پیدا ہوتے رہیں گے ) جنہوں نے اپنی زندگیوں کو یا تو اس کام کے لئے وقف کر دیا تھا یا اپنے دیگر دنیوی کاموں کے علاوہ انہوں نے خاص طور پر اس بات کو مد نظر رکھا تھا۔کہ ہم روزانہ اپنے وقت کا خاصہ حصہ قرآن کریم پر