خطبات مسرور (جلد 11۔ 2013ء)

by Hazrat Mirza Masroor Ahmad

Page 234 of 775

خطبات مسرور (جلد 11۔ 2013ء) — Page 234

خطبات مسرور جلد 11 234 خطبه جمعه فرمودہ مورخہ 12 اپریل 2013ء أَقْرَبُ لِلتَّقْوَى (المائدة : 9) - انصاف کرو یہ تقویٰ کے زیادہ قریب ہے۔اس کو یا درکھنا چاہئے۔پس ہر فیصلہ انصاف پر ہونا چاہئے۔بعض دفعہ بعض فیصلے میرے سامنے آتے ہیں، میں نے دیکھا ہے کہ گہرائی میں جا کر اُس پر غور نہیں ہوا ہوتا۔اس طرح جن کے متعلق فیصلہ کیا گیا ہوتا ہے اُن میں بے چینی پیدا ہو جاتی ہے۔جو فیصلہ کیا گیا ہے اگر اُس کے بارے میں شریعت کا کوئی واضح حکم ہے جس کی بنیاد پر فیصلہ کیا ہے تو پھر وہ واضح طور پر لکھا جانا چاہئے کہ شریعت کا کیونکہ یہ حکم ہے اس لئے اس کی رُو سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔خاص طور پر قاضیوں کو اس کا خیال رکھنا چاہئے۔پھر یہ بھی ضروری ہے کہ جن علاقوں میں خاص طور پر ضرورتمند اور غرباء ہیں اُن کا خیال رکھا جائے اور اپنے وسائل کے مطابق اُن کی دیکھ بھال کرنا بھی متعلقہ امراء اور عہد یداران کا کام ہے۔اس بارے میں یہ ضروری نہیں کہ درخواستیں ہی آئیں۔خود بھی جائزے لیتے رہنا چاہئے۔یہ امراء اور صدران کے فرائض میں داخل ہے۔ایک بہت بڑی ذمہ داری ہر امیر کی، ہر صدر جماعت کی ، ہر عہدیدار کی تأْمُرُونَ بِالْمَعْرُوْفِ وَتَنْهَوْنَ عَنِ الْمُنْكَرِ ( آل عمران: 111) ہے کہ نیکی کی ہدایت کرنا اور بدی سے روکنا۔پس تَأْمُرُونَ بِالْمَعْرُوفِ وَ تَنْهَوْنَ عَنِ الْمُنْكَر کو ہمیشہ ہر عہد یدار کو یاد رکھنا چاہئے اور یہ اُس وقت تک نہیں ہو سکتا جب تک ہر عہد یدار خود اپنا جائزہ لیتے ہوئے اپنے قول و فعل کو ایک نہیں کرتا۔اپنے اندر اللہ تعالیٰ کی خشیت پیدا نہیں کرتا۔تقویٰ کے اُن راستوں کی تلاش نہیں کرتا جن کی طرف ہمیں اللہ تعالیٰ نے توجہ دلائی ہے۔اور تقویٰ کے بارے میں ایک جگہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے فرمایا ہے کہ صرف چند نیکیاں بجالانا یا چند برائیوں سے رکنا، یہ تقویٰ نہیں ہے۔بلکہ تمام قسم کی نیکیوں کو اختیار کرنا اور ہر چھوٹی سے چھوٹی برائی سے رکنا ، یہ تقویٰ ہے۔پس یہ معیار ہیں جو حاصل کر کے ہم نیکیوں کی تلقین کرنے والے اور برائیوں سے روکنے والے بن سکتے ہیں اور امانت کا حق ادا کرنے والے بن سکتے ہیں۔اللہ تعالیٰ افراد جماعت کو بھی، تمام عہدیداران کو بھی ، جو منتخب ہو چکے ہیں یا منتخب ہونے والے ہیں، اور منتخب ہو کر آئیں گے اور مجھے بھی اپنی امانتوں اور عہدوں کا حق ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔الفضل انٹرنیشنل مورخہ 3 مئی 2013 ء تا 9 مئی 2013 ء جلد 20 شماره 18 صفحہ 5 تا 8 )