خطبات مسرور (جلد 11۔ 2013ء) — Page 16
خطبات مسرور جلد 11 16 2 خطبه جمعه فرمودہ مورخہ 11 جنوری 2013ء خطبہ جمعہ سیدنا امیر المومنین حضرت مرز امسر وراحمد خلیفہ المسح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ مورخہ 11 جنوری 2013ء بمطابق 11 صلح 1392 ہجری شمسی بمقام مسجد بیت الفتوح - لندن تشہد وتعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: آج بھی میں اُس پاک گروہ کے چند افراد کی خوابوں اور واقعات کا ذکر کروں گا جنہوں نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کا زمانہ پایا اور اُن آخرین میں شامل ہوئے جو پہلوں سے ملائے گئے۔یہ ہر واقعہ جہاں ان صحابہ کی پاک باطنی اور اللہ تعالیٰ سے تعلق اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کا اظہار ہے، وہاں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی صداقت کا بھی ثبوت ہے۔پہلی روایت حضرت ڈاکٹر عبدالمجید خان صاحب کی ہے۔وہ فرماتے ہیں کہ حضور کے وصال کے چند سال بعد میں نے خواب میں آپ اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو اپنے مکان میں دیکھا جبکہ یہ مکران بلوچستان میں تھے۔کہتے ہیں میں نے دیکھا کہ سب نہایت خوش وخرم تھے۔دریافت کیا کہ یہ کون ہیں؟ تو آپ نے ( یعنی حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے ، یہ انہی کو جانتے تھے ) فرمایا کہ یہ حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ ہیں۔دوبارہ دریافت فرمایا کہ یہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم ہیں۔یہ بیان کرنے والے فرماتے ہیں کہ میں نے اپنا سر کچھ ندامت سے نیچے کر کے پھر جو دیکھا تو تینوں حسینان غائب تھے۔شکلِ مبارک میں رسول کریم اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو ملتے جلتے دیکھا۔(یعنی اللہ تعالیٰ نے یہ ثبوت دیا کہ آپ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے خلق کے طور پر آئے ہیں )۔(ماخوذ از رجسٹر روایات صحابہ۔غیر مطبوعہ۔جلد نمبر 12 صفحہ 91۔روایات حضرت ڈاکٹر عبدالمجید خان صاحب) پھر حضرت میاں غلام حسن صاحب بھٹی کی روایت ہے۔فرماتے ہیں کہ میں فتاپور (فتح پور ) تعلیم حاصل کرتا تھا، پھر دو تین سال کے بعد میرے دوست میاں لال دین آرائیں جو ایک مخلص اور نیک