خطبات محمود (جلد 37)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 152 of 643

خطبات محمود (جلد 37) — Page 152

$1956 152 خطبات محمود جلد نمبر 37 روح پیدا کرے کہ جوں جوں ملک و قوم کو طاقت اور قوت ملتی جائے ، تم رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے لائے ہوئے دین اور خدا تعالیٰ کی نازل کی ہوئی کتاب قرآن کریم کو قائم کرنے کی کوشش کرتے چلے جاؤ۔اور ایسا نمونہ دکھاؤ کہ ہند و خود تمہارے پاس آئیں اور کہیں کہ ہم مسلمان بننا چاہتے ہیں۔اور یہ کوئی بعید بات نہیں۔آخر حضرت ابوبکر اور حضرت عمرؓ کو کس تلوار نے جیتا تھا؟ پھر حضرت عثمانؓ اور حضرت علی کو کس تلوار نے جیتا تھا ؟ یہ سب لوگ قرآن کریم کی تعلیم سے متاثر ہو کر ایمان لائے تھے۔اسی طرح اب بھی قرآن کریم کی تعلیم ہندوؤں کے دلوں کو اسلام کی طرف مائل کر سکتی ہے۔ایک مشہور عیسائی مصنف کارلائل نے ایک کتاب لکھی ہے جس میں اُس نے دنیا کے مشہور آدمیوں کا ذکر کیا ہے جن میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا نام بھی شامل ہے۔اس کتاب میں وہ ایک جگہ لکھتا ہے عیسائی مصنف اپنی کتابوں میں لکھتے ہیں کہ اسلام تلوار کے زور سے پھیلا ہے لیکن وہ یہ بھول جاتے ہیں کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جب دعوای کیا تھا تو اُس وقت آپ اکیلے تھے اور پھر آہستہ آہستہ لوگ اسلام میں داخل ہوئے۔پس سوال یہ ہے کہ جن لوگوں نے بعد میں اسلام کے لیے تلوار چلائی انہیں کسی تلوار سے اسلام کی طرف کھینچا گیا تھا؟ اُن لوگوں کو صرف دلائل اور براہین سے ہی اسلام کی طرف مائل کیا گیا تھا۔پھر جب بڑے بڑے لوگوں کو دلائل اور براہین سے اسلام میں داخل کیا گیا تھا تو کمزور اور ادنیٰ لوگوں کو دلائل اور براہین سے کیوں داخل نہیں کیا جا سکتا تھا۔پس ضرورت اس بات کی ہے کہ اسلام کی تعلیم کو ہم زیادہ سے زیادہ بہتر رنگ میں پھیلائیں اور اپنے اخلاق فاضلہ سے انہیں متاثر کریں۔اگر پاکستان اس ذمہ داری کو احسن طریق پر ادا کرے تو انگلستان، امریکہ، جرمنی، اٹلی، فرانس، سپین، آسٹریا، سوئٹزر لینڈ ، ہالینڈ، روس اور جاپان بلکہ ساری دنیا محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا کلمہ پڑھ کر آپ کے حلقہ بگوشوں میں شامل ہو جائے گی اور وہ آپ کی غلامی پر فخر کرے گی۔اسلام جہاں حکومت کرنے والوں کو یہ تعلیم دیتا ہے کہ وہ جبر و اکراہ سے کام نہ لیں وہاں آپ ہی آپ ماتحتی قبول کرنے والوں کو بھی ماتحتی قبول کرنے سے روکتا نہیں۔چنانچہ دیکھ لو زید رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم