خطبات محمود (جلد 19)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 393 of 948

خطبات محمود (جلد 19) — Page 393

خطبات محمود ۳۹۳ سال ۱۹۳۸ء دوسرا اعتراض یہ ہے کہ میاں عزیز احمد صاحب کی پہلے کوئی مدد نہیں کی گئی جب خلیفتہ اسیح کی پر اعتراض ہوئے تب خیال آیا۔سو یہ بھی غلط فہمی ہے۔گوداسپور میں جو وکیل ان کی طرف سے پیش ہوا وہ فوجداری میں اس علاقہ کا بہترین وکیل ہے مگر ہماری طرف سے جیسا کہ ایسے ہر موقع پر نصیحت ہوتی ہے میاں عزیز احمد کو یہی نصیحت تھی کہ سچ بولیں۔اگر غلطی ہوئی ہے تو بہتر ہے کہ اس کی سزا اسی دنیا میں بھگت لیں۔قاضی محمد علی صاحب مرحوم کو بھی میں نے یہی نصیحت کی تھی اور ان کو بھی یہی پیغام پہنچایا تھا کہ اگر قصور ہے تو اس کا اقرار کرلو۔چنانچہ انہوں نے اقرار کر لیا اور اقراری ملزم کو لائق سے لائق وکیل بھی نہیں چھڑا سکتا۔تاہم وکیل نے دیانتداری کے ساتھ دفاع کیا اور اس کی بحث کو سن کر عدالت میں موجود لوگوں میں سے اسی فیصدی کا یہی خیال تھا کہ پھانسی کی سزا نہیں ہو سکتی بلکہ بعض سرکاری افسروں نے بھی اسی رائے کا اظہار کیا کہ معاملہ اتنا واضح ہے کہ پھانسی کی سزا نہیں ہو سکتی مگر مجسٹریٹ کا نقطہ نگاہ اور ہوتا ہے اور وکیل کا اور لائق سے لائق وکیل آتے ہیں مگر مجسٹریٹ ان کی رائے سے اتفاق نہیں کرتا۔ہائی کورٹ میں ان کی طرف سے شیخ بشیر احمد صاحب پیش ہوئے۔وہ بھی نوجوانوں میں ترقی کرنے والے ہیں اور ایسے نوجوان طبقہ میں سے ایسے وکیل ہیں جن پر لوگوں کی نظریں ہیں کہ کبھی بہت ترقی کر جائیں گے۔وہ بھی جب بحث ختم کر کے آئے تو تمام وکلا ء نے ان کو مبارک باد دی کہ تم کیس جیت گئے ہو مگر جوں نے اور فیصلہ کر دیا اور اس فیصلہ میں کوشش یا عدم کوشش کا کوئی سوال نہیں۔فیصلہ تو آخر جج نے کرنا ہوتا ہے وکیل نے نہیں۔پھر یہ بھی غلط ہے کہ جماعت میں جوش پیدا ہوا تو خرچ بھی کیا گیا۔جماعت میں جوش اس لئے پیدا ہوا کہ فیصلہ میں بعض ریمارک نا مناسب تھے۔مجھے ذاتی طور پر پورا پورا علم تو نہیں مگر جہاں تک میرا خیال ہے ہائی کورٹ کے فیصلہ پر اپیل کے لئے جو وکیل ہماری طرف سے کیا گیا تھا ان کے خرچ سے گورداسپور کے وکیل کا خرچ غالباً کم نہ تھا۔پھر جیسا کہ میں بتا آیا ہوں۔جذبات کا فیصلہ صرف فعل سے نہیں ہوتا بلکہ یہ بھی دیکھا جاتا ہے کہ جس پر حملہ ہوا ہے اُس کی اہمیت کیا ہے۔ایک حملہ ایک عام احمدی پر ہو اور ایک خلیفہ وقت پر ہو اور پھر یہ خیال کیا جائے کہ دونوں کے متعلق ایک سے جذبات جماعت میں پیدا ہوں۔