خطبات محمود (جلد 12) — Page 63
خطبات محمود ۶۳ Λ سال ۱۹۲۹ء رمضان کے آخری ایام میں خاص طور پر دعائیں کی جائیں فرموده ۸۔مارچ ۱۹۲۹ء ) تشهد تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا: آج رمضان کا آخری جمعہ ہے اور چونکہ رمضان کے مہینہ کو خدا تعالیٰ نے مبارک بنایا ہے اور جمعہ کے دن کو بھی چونکہ برکت عطا فرمائی ہے حتی کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا ہے جمعہ کے دن ایک ساعت ایسی آتی ہے جس وقت بندہ جو کچھ اپنے خدا سے مانگے پالیتا ہے۔اس لئے رمضان کے آخری عشرہ میں اس دن کو مسلمان خاص طور پر مکرم قرار دیتے ہیں اور اسے اس حد تک عزت دیتے ہیں جسے دیکھتے ہوئے گورنمنٹ نے بھی آج کے دن دفتروں میں چھٹی منظور کر لی ہے۔جس رنگ میں مسلمان اس دن کو دیکھتے ہیں وہ تو ایک نہایت ہی مکر وہ صورت ہے۔وہ مسلمان جن پر جمعہ پر جمعہ گذرتا چلا جاتا ہے اور انہیں خدا تعالیٰ کا نام لینے کی توفیق نہیں ملتی، وہ مسلمان جن کی آنکھوں کے سامنے ہر روز نماز کے وقت گذرتے چلے جاتے ہیں مگر ان کے دلوں میں خدا تعالیٰ کی یاد کبھی نہیں گدگداتی وہ مسلمان جن کے کانوں میں گونجتی ہوئی اذان کی آواز گزر جاتی ہے مگر ان کے دلوں کی محبت کی تاریں ذرا بھی اس آواز کے مقابلہ میں پھڑکتی نہیں وہ اس دن تمام کام کاج چھوڑ کر اور خوب زینت و آرائش کر کے مسجدوں میں آ جاتے ہیں اور خیال کرتے ہیں کہ اگر آج نماز پڑھ لی تو ساری عمر کی نمازیں ادا ہو جائیں گی وہ آج قضا عمری پڑھتے ہیں اور سمجھتے ہیں آج کی نماز نہ صرف سال بھر بلکہ عمر بھر کیلئے کافی ہے۔