خطاباتِ ناصر (جلد دوم ۔1974ءتا 1981ء) — Page 119
خطابات ناصر جلد دوم ۱۱۹ دوسرے روز کا خطاب ۲۷ / دسمبر ۱۹۷۵ء چند دن ہوئے ہمارے ایران کے احمدی دوستوں نے مجھے ایران میں چھپے ہوئے قرآن کریم تحفتاً بھجوائے ان میں ایک تو قرآن کریم کا عربی متن بڑا ہی خوبصورت ہے اور پھر کھلا کھلا لکھا ہوا ہے جسے بوڑھا آدمی بھی بغیر عینک کے پڑھ سکتا ہے گویا اس کی ظاہری شکل بہت خوبصورت ہے۔معلوم ہوتا ہے کہ شاہ ایران نے اسے بڑے پیار سے شائع کروایا ہے۔شاہ ایران نے اس ایک نوٹ دیا ہے اور نیچے اس کے دستخط ہیں۔دوسرا قرآن کریم حکومت نے ملکہ پہلوی کی طرف سے شائع کروایا ہے۔اس میں مطالب کے متعلق تو بعد میں دیکھیں گے کہ انہوں نے کس شکل میں ترجمہ و تفسیر کی ہے لیکن اس کی ظاہری طرز وہی ہے جو تفسیر کبیر میں حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اختیار فرمائی ہے کہ ہر سورۃ سے پہلے اس سورۃ کے مضامین کا خلاصہ لکھ دیا ہے۔ملکہ صاحبہ کے اس ترجمے میں اسی طرز پر انہوں نے ہر سورۃ سے پہلے اس کا خلاصہ لکھا ہے اور پھر تفسیر صغیر کی طرز پر ہر صفحے میں جس جگہ نوٹ دینے ہیں وہاں نوٹ دیئے ہیں۔اس میں تو فیتنی کے معنے انہوں نے یہی کئے ہیں کہ تو نے مجھے مار دیا اور تفسیر آگے یہ کی ہے کہ مارنے کے بعد خدا نے پھر زندہ کیا اور آسمان پر لے گیا۔اگر زندہ ہی آسمان پر لے کر جانا تھا تو وہاں یہ حکمت نہیں بتائی کہ پھر مارنے کی کیا ضرورت تھی۔اللہ میاں اسی طرح زندہ کے زندہ ہی لے جاتے۔بہر حال اس کی ظاہری طرز بہت اچھی ہے اور اس میں ملکہ فرح پہلوی کی طرف سے جو نوٹ ہے اس کی وجہ سے میرے دل میں ان کی بڑی قدر پیدا ہوئی۔دراصل بادشاہ اور ان کی بیگم ایک ہی ہیں اس میں انہوں نے یہ لکھا ہے کہ ہم یہ ترجمہ اس لئے شائع کر رہے ہیں کہ ہمارے ملک کے باشندے قرآنی علوم سے واقفیت حاصل کریں اور اس کی برکات سے فائدہ اٹھانے والے ہوں۔بڑی اچھی خواہش کا بڑے اچھے رنگ میں اظہار کیا گیا ہے۔اس سے مجھے بہت خوشی ہوئی اللہ تعالیٰ ان کو قرآن کریم کے پھیلانے کی اور بھی زیادہ توفیق دے۔۔تحریک جدید کی طرف سے سیکنڈری سکول تیرہ ، مڈل دس ، پرائمری اکاون ، عربی کا ایک اور مشنری ٹریننگ کالج ایک (جو غانا میں ہے ) یعنی کل چھہتر سکول کام کر رہے ہیں۔میڈیکل سنٹر نائیجیریا میں دو ہیں اور گیمبیا میں ایک یعنی تحریک جدید کے کل تین میڈیکل سنٹر کام کر رہے ہیں۔