خطابات نور — Page 449
کھولا جاتا ہے۔تم میں سے بعض کمزور ہیں قوت فیصلہ نہیں رکھتے اور تاب مقابلہ ان میں نہیں۔انہیں چاہئے کہ اللہ تعالیٰ کے حضور گر جائیں اور بہت دعائیں کریں الحمد شریف پڑھ کر دعا کریں۔الحمد شریف‘ درود شریف‘ استغفار اور لاحول کثرت سے پڑھا کرو۔میرا اعتقاد ہے لیکچر دینے میں‘ کلام کرنے میں مسائل کا جواب دینے میں دعائوں سے کام لو اور الحمد شریف کو ضرور پڑھو تم اس کی عادت ڈالو نامردی اور ناکامی کو دیکھو گے ہی نہیں۔تمہارا کام دعا کرنا ہو اور سب سے ضروری مسئلہ لا الٰہ الا اللّٰہ پر ایمان رکھو۔بندہ کمزور ہے وہ اللہ ہر آن میں تمہیں کروڑوں نعمتیں عطا فرماتا ہے۔پھر ایک اور ضروری مسئلہ کہہ کر ختم کر دیتا ہوں۔ہمارا سردار بھی اور ہادی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہے۔غور کرو انہوں نے کس طرح دین پھیلایااور اگر وہ بھی ہماری طرح ہوتے تو یہ دین ہم تک نہ آتا۔آپ کی ان مشقتوں میں سے جو تبلیغ دین کے لئے اٹھائیں ایک ادنیٰ سی بات ہے کہ طائف میں عبد یا لیل کے پاس گئے اور اس کو خدا کا کلام سنانا چاہا۔اس نے کہا کہ میں اوروں کو بلا لوں یہ کہہ کر وہ گیا اور تمام لچوں اور شہدوں کو جمع کر کے لے آیا۔ان سب حرامزادوں کے ہاتھ میں پتھر تھے۔انہیں کہا کہ جاتا ہے لو۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں کہ میں ۱۲ کوس تک بھاگتا گیا اور مجھے نہیں معلوم کدھر جاتا ہوں سر سے لے کر پائوں تک کے تلوے تک زخمی اور لہولہان ہو گئے۔ایک فرشتہ نے اس حالت میں کہا کہ میں پہاڑ کا ملک ہوں اگر حکم ہو تو ان پر پہاڑ ڈال دوں۔آپؐ نے فرمایا نہیں ان کی اولاد اچھی ہو جائے گی۔یہ ناواقف لوگ ہیں انہوں نے مقابلہ کیا ہے۔تمہارا دل بھر نہیں آتا یہ ادنیٰ سی مشقت ہے جو انہوں نے تبلیغ دین کے لئے اٹھائی۔پس کثرت سے ایسے ہادی پر درود شریف پڑھو آپ کے حسن ،احسان، بردباری اور مصائب کو دیکھ کر جو اس دین کے پہنچانے میں اٹھائے درود شریف پڑھ کہ آپ کے مدارج بلندہوںاور آپ کو کامیابیاں نصیب ہوں۔پس اپنے گناہوں سے استغفار کرو ‘باہم محبت بڑھائو‘ بغض چھوڑدو۔جو لوگ اس سلسلہ میںداخل ہیںاور انہوں نے خدا کے فضل سے الہام کا فیض پایا ہے وہ اس فیض کی قدر کریں‘ خرمستیاں چھوڑ دیں ایسا نہ ہو یہ نصیحت ان کے لئے وبال جان ہو جاوے۔خدا سے ڈرو کہ اس سے ڈرنے والے ضائع نہیں ہوتے۔۲؎ ٭ … ٭ … ٭ ۱؎ الحکم ۱۴؍جنوری ۱۹۱۲ء صفحہ ۳تا ۶ ۲؎ الحکم ۲۱جنوری ۱۹۱۲ء صفحہ ۳ تا ۹