خطابات مریم (جلد دوم) — Page 74
خطابات مریم 74 تحریرات شامل ہونے والوں کا مقصد وہی ہے جو حضرت بانی سلسلہ احمدیہ نے بیان فرمایا ہے۔لہذا ہمیں چاہئے کہ ہم اپنے اندر وہ تبدیلی پیدا کریں جو حضرت بانی سلسلہ احمدیہ نے بیان فرمائی ہے اور سب ایک لڑی کے موتیوں کی طرح ہو جائیں کسی سے کوئی دشمنی نہ ہو، عناد نہ ہو، نفرت نہ ہو ہر ایک کے لئے قربانی دینے اور خدمت کرنے کے لئے تیار ہوں۔اللہ تعالیٰ کے بندوں کی خدمت کریں اور اللہ تعالیٰ کا پیار حاصل کرنے والے بہنیں اور یہی جذبہ اپنی اولاد میں بھی پیدا کریں کیونکہ جلسہ سالانہ کا قیام ہمیں یہی سبق دیتا ہے کہ خدمت ، خدمت اور خدمت۔چندسال سے ہم محروم ہیں کہ یہاں جلسہ منعقد نہیں ہورہا مگر جلسہ کا نہ ہونا ہماری روح میں کمزوری پیدا نہ کر دے۔خدمت کرنے کا جذبہ ہمیشہ قائم رہے۔ایک سے دوسری نسل میں یہ جذبہ اخوت اور خدمت منتقل ہوتا رہے جیسا کہ خود حضرت بانی سلسلہ نے فرمایا کہ:۔میں سچ سچ کہتا ہوں کہ انسان کا ایمان ہرگز درست نہیں ہوسکتا جب تک اپنے آرام پر اپنے بھائی کا آرام حتی الوسع مقدم نہ ٹھہر اوئے“۔( مجموعہ اشتہارات جلد اوّل صفحہ 442) خدا کرے کہ ہم میں سے ہر ایک ایسا ہی بن جائے۔یہ شمع ہمیشہ جلتی رہے اور پروانے اس کے گرد گھومتے رہیں۔اے اللہ تو ایسا ہی کر۔(ماہنامہ مصباح جنوری 1992ء)