خطابات مریم (جلد دوم)

by Other Authors

Page 902 of 988

خطابات مریم (جلد دوم) — Page 902

خطابات مریم 902 زریں نصائح کلاسوں سے حقیقی معنوں میں وہ فائدہ اُٹھا سکیں۔آپ نے فرمایا کہ چند پاروں کا ترجمہ آ جائے تو پورے قرآن کریم کا ترجمہ بہت آسان ہو جاتا ہے۔فرمایا کہ قرآن کریم نہیں پڑھو گی اُس کا ترجمہ نہیں سیکھو گی تو اس پر عمل کیسے کرو گی۔قرآنی تعلیم بہت بابرکت ہے اس کے نورانی رستہ پر چلتے ہوئے تم عزیز وحمید خدا کا قرب حاصل کرسکو گی۔آپ نے دعا فرمائی کہ خدا تعالیٰ اس کلاس کو بہت کامیاب کرے اور وہ حقیقی مقصد حاصل ہو جو ان کلاسوں کے پیچھے ہے یعنی قرآن کریم سیکھنا سکھانا ، عمل کرنا ، کرانا۔آپ نے ممبرات لجنہ کو خلافت کی برکات و اہمیت پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ خلیفہ خدا تعالیٰ کا سب سے برگزیدہ بندہ ہوتا ہے۔خدا تعالیٰ خود اس کو خلیفہ بنا تا ہے ہم جب تک اُس سے وابستہ ہیں خدا تعالیٰ کے انعامات اور افضال کے مستحق ہیں۔آپ خلافت کے دامن کو مضبوطی سے پکڑ لیں۔غلبہ اسلام کی شاہراہ پر خلیفہ اسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے قدم بقدم چلئے۔خلیفہ کی دعاؤں کے ساتھ اپنی دعائیں شامل کیجئے کہ اے خدا مسیح محمدی کی اس چھوٹی سی جماعت کو تو نے عالمگیر غلبہ اسلام کی جو بشارتیں دی ہیں وہ ہمارے پیارے خلیفہ کے ہاتھوں پوری فرما۔حضور کے سفر و حضر و صحت اور عمر کے لئے دعائیں کیجئے۔آپ نے ممبرات لجنہ سے فرمایا کہ جوں جوں جماعت خدا تعالیٰ کے فضل سے پھیلتی جا رہی ہے نئے لوگ داخل ہو رہے ہیں جن کے ساتھ ساتھ غیر اسلامی رسمیں اور بدعتیں بھی آ رہی ہیں۔اگر آپ اپنی اور بچیوں کی دینی تعلیم و تربیت سے غافل رہیں گی تو ان رسموں اور بدعتوں سے اسلامی معاشرے کو کیسے صاف کر سکیں گی۔(الفضل 1982ء)