خطابات مریم (جلد دوم) — Page 803
خطابات مریم 803 پیغامات پیغام برائے رسالہ النصرت لجنہ اماءاللہ انگلستان 1989ء بِسْمِ اللهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيمِ نَحْمَدُهُ وَ نُصَلِّي عَلَى رَسُولِهِ الْكَرِيمِ لجنہ اماءاللہ انگلستان صد سالہ جشن تشکر کے آغاز سے ایک رسالہ جاری کر رہی ہے جس کا نام ”النصرت“ ہوگا انہوں نے خواہش ظاہر کی ہے کہ میں اس کے لئے آپ کو کوئی پیغام دوں۔اللہ تعالیٰ کا بہت بڑا احسان ہے کہ اس نے احمد یہ جماعت کو کامیابی کے ساتھ پہلی صدی کا سفر ختم کرنے اور دوسری صدی میں داخل ہونے کی توفیق عطا کی ہے۔یہ سفر ایک سو سال قبل 23 مارچ 1889ء کو شروع ہوا جب کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام بانی سلسلہ احمد یا کیلے تھے اور اللہ تعالیٰ کی طرف سے آپ کو بیعت لینے کا حکم ہوا۔یہ قافلہ آہستہ آہستہ بڑھتا چلا گیا۔مخالفت کی آندھیاں اُٹھیں۔دنیا نے پورا زور لگایا کہ احمدیت کو ختم کر دیں مگر اللہ تعالیٰ جس کو کھڑا کرے وہ نا کام نہیں ہوتا کیونکہ اس کی نصرت اس کے شامل حال ہوتی ہے۔آپ نے دعوی کیا آپ اکیلے تھے اور آج سو سال ختم ہونے پر جماعت احمد یہ 117 ممالک میں قائم ہو چکی ہے۔ان سو سالوں میں جماعت احمدیہ نے اللہ تعالیٰ کے فضلوں اور احسانات کو بارش کی طرح برستے دیکھا ہے۔ہر قدم پر اللہ تعالیٰ کی نصرت جماعت کو حاصل رہی کیونکہ اللہ تعالیٰ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو الہاما فرمایا تھا۔مَنْ كَانَ فِي نُصَرِةِ اللَّهِ كَانَ اللَّهُ فِي نُصَرَتِهِ ( تذکرہ صفحہ 618) یعنی جو شخص خدا کے دین کی مدد میں لگ جاتا ہے خدا اس کی مدد میں لگ جاتا ہے۔پس اس عظیم خوشی کے موقع پر لجنہ اماءاللہ انگلستان کا ایک رسالہ عورتوں کی تربیت کے لئے جاری کرنا ایک اچھا اور مبارک قدم ہے۔خدا کرے یہ رسالہ احمدی عورتوں کی تربیت اور عورتوں میں تبلیغ کے لئے مفید ثابت ہو۔لجنہ اماءاللہ کی ممبرات اور عہدیداروں کو ہمیشہ اللہ تعالیٰ کی نصرت حاصل ہوتی رہے۔