خطابات مریم (جلد دوم)

by Other Authors

Page 781 of 988

خطابات مریم (جلد دوم) — Page 781

خطابات مریم 781 پیغامات اگلی صدی کی ذمہ داریاں زیادہ تر نئی نسل پر پڑیں گی اس لئے بچوں کی دینی تعلیم وتربیت پر توجہ دینے کی از حد ضرورت ہے۔اپنے بچوں کے دلوں میں اللہ تعالیٰ کی محبت پیدا کریں۔دین کیلئے غیرت پیدا کریں۔انسانیت کی محبت اُن کے دلوں میں پیدا کریں۔محمد مصطفی ﷺ کی اطاعت کا جذبہ اور آپ سے محبت اُن کے دلوں میں پیدا کریں۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام سے محبت ، آپ کے خلفاء سے محبت اور حضرت خلیفہ اسیح الرابع ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ہر حکم پر لبیک کہنے والے ہوں۔ہم کسی سے نفرت نہیں کرتے ہم کسی کے دشمن نہیں۔اس لئے ہماری کوئی کتنی بھی مخالفت کرے، ہم نے اس کی بہتری ہی سوچتی ہے۔ہمارا کام تو انسانیت کی خدمت کرنا ہے۔انسان کو سکھ پہنچانا ہے دکھ نہیں۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے سچے مسلمان کی تعریف بھی یہی فرمائی ہے۔الْمُسْلِمُ مَنْ سَلِمَ الْمُسْلِمُونَ مِنْ لِسانِهِ وَيَدِهِ کہ سچا مسلمان وہ ہے جس کے ہاتھ اور جس کی زبان سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں۔( بخاری کتاب الایمان ) پس میری عزیز بہنو ! تیار ہو جاؤ اُن ذمہ داریوں کو اُٹھانے کے لئے جو آئندہ صدی میں آپ پر پڑنے والی ہیں اور تیار کریں اپنے بچوں کو ان ذمہ داریوں کو اُٹھانے کے لئے۔اعلیٰ تربیت کریں اُن کی اور اعلیٰ اخلاق پیدا کریں اُن میں۔تا وہ رہنما بنیں ساری دنیا کے لئے۔اللہ تعالیٰ آپ کو ان ذمہ داریوں کو اُٹھانے کی توفیق عطا فرمائے۔آپ کے ساتھ ہو اپنی حفاظت میں رکھے اور اپنے مقصد میں کامیاب کرے۔آمین مجھے بھی اپنی دعاؤں میں یا درکھیں۔خدا حافظ مریم صدیقہ صدر لجنہ اماءاللہ مرکزیہ