خطابات مریم (جلد دوم)

by Other Authors

Page 773 of 988

خطابات مریم (جلد دوم) — Page 773

خطابات مریم 773 پیغامات اللہ تعالیٰ نے آپ کو احمدیت کی نعمت سے نوازا ہے۔آپ نے صرف اپنے تک اس نعمت کو محدود نہیں رکھنا خدا کے اس احسان کا شکر اس طرح ادا کرنا ہے کہ ان لوگوں تک جو اس نعمت سے محروم ہیں اس کا پیغام پہنچانا ہے اور خود اپنے گھروں میں اپنے بچوں میں ایمان اور یقین کو قائم رکھنا ہے۔وہاں کے آزاد ماحول سے اپنی اولا د کو بچا کر اسلام کے نمونہ پر قائم رکھنا بہت ضروری ہے ورنہ جو نعمت اللہ تعالیٰ نے آپ کو عطا کی ہے اس سے محرومی کا خوف بھی ہوسکتا ہے۔اگر آپ کے گھر میں دین پر عمل نہ ہوگا اور صحیح نمونہ قرآن مجید کی تعلیم کا آپ وہاں کے رہنے والوں کے سامنے پیش نہیں کریں گی تو آپ کی نصیحت کا بھی کوئی اثر نہ ہوگا۔پس دوسروں تک احمدیت کا پیغام پہنچانے سے پہلے اپنی اصلاح کریں اپنے گھر کی اصلاح کریں اپنے بچوں کی اصلاح کریں۔میری بہنوں۔مردوں کو اپنی روزی کمانے کے لئے بہت وقت دینا پڑتا ہے گھروں میں دینی ماحول قائم رکھنے کی ذمہ داری آپ کی ہے اس لئے سب سے پہلے آپ نے اپنا نیک نمونہ پیش کرنا ہے مجھے افسوس ہے کہ ابھی تک بہنوں میں جھگڑے بھی ہوتے ہیں شکوے بھی ہوتے ہیں حالانکہ تمام جھگڑے فساد، شکوے شکایتیں چھوڑ کر ایک مقصد کے لئے متحد ہو کر کام کرنا چاہئے اور وہ مقصد ہے کہ جرمنی میں اسلام پھیل جائے دنیا آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو مان لے۔ایک خدا کی عبادت کرنے لگ جائے۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو تسلیم کر لے۔پس ماؤں کا فرض ہے اپنے بچوں کی دینی تعلیم اور تربیت پر بہت توجہ دیں۔اس ملک میں رہ کر پردہ سے غافل نہ ہو تمام اسلامی احکام پر عمل کریں تانئے احمدیت میں داخل ہونے والے آپ کی نقل کریں۔اللہ تعالیٰ آپ کے ساتھ ہو۔خاکسار آپ کی بہن مریم صدیقہ صدر لجنہ اماءاللہ مرکزیہ