خطابات مریم (جلد دوم) — Page 732
خطابات مریم 732 پیغامات پیغام برائے سالانہ اجتماع لجنہ اماءاللہ بھارت 1985ء بِسْمِ اللهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيمِ نَحْمَدُهُ وَ نُصَلِّي عَلَى رَسُولِهِ الْكَرِيمِ پیاری بہنو السَّلَامُ عَلَيْكُمْ وَرَحْمَةُ اللهِ وَبَرَكاتُه آپ اپنے سالانہ اجتماع کے لئے قادیان دارلامان میں جمع ہیں اللہ تعالیٰ پوری طرح قادیان کی برکتوں سے فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے۔جماعت ایک فیصلہ کن لیکن بظاہر تکلیف دہ دور سے گزر رہی ہے۔ہمیں پورا یقین ہے کہ وہ تمام بشارتیں جو اللہ تعالیٰ نے اپنے مسیح کو دی ہیں پوری ہوں گی اور صداقت ظاہر ہو کر رہے گی۔لیکن ہم نے جائزہ لینا ہے کہ ان بشارتوں اور فضلوں کو جذب کرنے میں ہمارا کتنا حصہ ہے۔جماعت کے مخلصین نے ثابت کر دیا کہ خدا تعالیٰ کی راہ میں انہوں نے جان و مال وقت اور اولاد کو پیش کر دیا پھر بھی منتظر رہے کہ اور قربانی ان سے لی جائے ایسے وقت میں جبکہ نہایت نازک دور سے جماعت گزر رہی ہے جو ایک تاریخ ساز دور ہے ہماری ہر عورت کو ہر قربانی کے لئے تیار رہنا چاہئے۔سستیاں کوتاہیاں چھوڑ دینی چاہیں اور تیز قدم کرنے کے لئے سب سے بڑی چیز آپس کا اتفاق اتحاد اور تعاون با ہمی ہے۔ہر قسم کے اختلافات کو بھول جانا چاہئے۔پس ایک مقصد سامنے ہو کہ احمدیت ترقی کرے اللہ تعالیٰ کا فضل زیادہ سے زیادہ نازل ہو۔کوئی دراڑ ہم میں ایسی نہ پڑے جہاں سے شیطان داخل ہو کر فتنہ پھیلا سکے۔جہاں ہر قربانی دینے کے لئے خود تیار رہیں وہاں اپنی اگلی نسل کی دینی تربیت کی طرف بے حد توجہ دینے کی ضرورت ہے اور قرآنی ارشاد وَلْتَنْظُرْ نَفْسٌ مَّا قَدَّمَتْ لِغَدٍ ہر عورت کا فرض ہے کہ سوچے غور کرے کہ اگلی نسل کو سنوار نے اور ان کو ذمہ داریاں سنبھالنے کا اہل بنانے میں وہ کیا کر دار ادا کر رہی ہے اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔بہت دعائیں کریں اللہ تعالیٰ جلد فتح مبین ظاہر کرے۔والسلام۔خاکسار۔صدر لجنہ اماءاللہ مرکز یہ