خطابات مریم (جلد دوم) — Page 719
خطابات مریم 719 پیغامات پیغام برائے سالانہ اجتماع لجنہ اماءاللہ لیگوس نائیجیر یا1984ء ممبرات لجنہ اماءاللہ لیگوس السَّلَامُ عَلَيْكُمْ وَرَحْمَةُ اللهِ وَبَرَكاتُه آپ کی طرف سے سالانہ اجتماع پر پیغام بھجوانے کی تار لیٹ ملی تار تو دے دی ہے۔یہ پیغام بھی ارسال ہے خدا کرے وقت پر مل جائے۔میری دعا ہے کہ یہ اجتماع بہت بابرکت ثابت ہو۔ہمیشہ یہ بات ذہن میں رکھنی چاہئے کہ ہم میں سے الگ الگ کسی کا وجود نہیں ہم احمد یہ جماعت کے افراد ہیں اور ہم مل کر اپنی ترقی کی کوشش کریں تو کامیاب ہو سکتے ہیں۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے آنے کی غرض پھر سے دنیا کو صحیح اسلام کی شکل پیش کرنی اور اس پر عمل کروانا تھا۔قرآن مجید انسانوں کے ہر مسئلہ کا حل لے کر آیا تھا۔لیکن افسوس مسلمانوں نے اس پر عمل کرنا چھوڑ دیا۔جس کے نتیجہ میں ان کی ترقیاں رک گئیں اور ان کو زوال شروع ہو گیا۔اب اللہ تعالیٰ کی تقدیر یہ ہے اور اس کا وعدہ ہے کہ اس جماعت کے ذریعہ اسلام پھر غالب آئے گا بشرطیکہ ہم قرآن پر عمل کرنے والے ہوں۔صالح ہوں اور قرآن مجید کے بتائے ہوئے طریقوں پر عمل کریں اللہ تعالیٰ نے قومی ترقی کے لئے ہر مرد اور عورت پر برابر ذمہ داری ڈالی ہے۔آپ کوشش کریں کہ آپ کا معاشرہ اسلامی معاشرہ ہو۔آپ کا عمل قرآن کے مطابق ہو۔جس کے لئے ضروری ہے کہ آپ قرآن پڑھیں ترجمہ سیکھیں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتب پڑھیں ہر بات کے متعلق آپ کو معلوم ہو کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کے متعلق کیا فرمایا ہے اور پھر جائزہ لیں کہ کیا آپ کا عمل بھی اس کے مطابق ہے یا نہیں اللہ تعالیٰ آپ کو توفیق دے اور جلد سے جلد سارے افریقہ میں اسلام کی کرنیں پھیل جائیں اور ان کا میابیوں میں آپ کی کوششوں کا بھی دخل ہو۔آپ سب اللہ تعالیٰ کی محبت کو حاصل کرنے والے ہوں۔آمین۔مجھے بھی اپنی دعاؤں میں یا درکھیں۔خاکسار مریم صدیقہ صدر لجنہ اماءاللہ مرکزیہ