خطابات مریم (جلد دوم)

by Other Authors

Page 712 of 988

خطابات مریم (جلد دوم) — Page 712

خطابات مریم 712 پیغامات پیغام برائے سالانہ اجتماع لجنہ اماءاللہ سویڈن 1984ء بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ نَحْمَدُهُ وَ نُصَلِّي عَلَى رَسُولِهِ الْكَرِيمِ ممبرات لجنہ اماءاللہ سویڈن السَّلَامُ عَلَيْكُمْ وَرَحْمَةُ اللهِ وَبَرَكاتُه آپ کی صدر صاحبہ نے اطلاع دی ہے کہ آپ کا سالانہ اجتماع 26 ، 27 مئی کو منعقد ہو رہا ہے۔اس مختصر پیغام کے ذریعہ آپ کے اجتماع میں شامل ہورہی ہوں۔اللہ تعالیٰ آپ کے اجتماع کو با برکت کرے اور مفید نتائج برآمد ہوں۔اجتماع کی بہت سی اغراض ہیں اگر وہ اغراض پوری ہو رہی ہوں تو اجتماع کے نتائج یقیناً اچھے نکلیں گے۔سب سے پہلی بات تو یہ کہ اجتماع اس لئے کئے جاتے ہیں کہ سب بہنیں اس موقعہ پر ملیں ان میں اخوت اور محبت کا جذبہ پیدا ہو۔سب ایک مقصد کے لئے کام کرنے کا عزم کریں۔اگر کسی کو کسی سے رنجش ہو بھی تو خدا کی خاطر اسے دل سے معاف کر دیں۔پھر اس اجتماع میں سب مل کر اپنی ترقی اور اگلی منازل طے کرنے کے لئے ذرائع سوچیں کہ اس ملک میں ہم کس طرح تبلیغ کر سکتے ہیں۔کس طرح اپنا علم بڑھا سکتے ہیں؟ کس طرح اپنی تنظیم کو زیادہ سے زیادہ مضبوط اور منظم بنا سکتے ہیں۔کس طرح اپنے بچوں کی تربیت اچھے ماحول میں کر سکتے ہیں۔یہ سب باتیں آپ نے سوچنی ہیں اور پھر وہ تدابیر اختیار کرنی ہیں۔آپ احمدیت کا نمائندہ ہیں اس ملک میں اگر آپ کوئی غلطی کریں گی تو احمدیت کے نام پر دھبہ لگانے والی ہوں گی۔ہمارے قول اور فعل میں کوئی تضاد نہیں ہونا چاہئے۔ایک طرف ہمارا دعویٰ کہ اللہ تعالیٰ نے غلبہ اسلام اس زمانہ میں مہدی موعود کے ذریعہ مقدر رکھا دوسری طرف اس جماعت میں رہتے ہوئے ہمارا عمل اس کے مطابق نہ ہو تو بڑے شرم کی بات ہے۔جماعت کے قیام پر 95 سال ہونے والے ہیں لجنہ کی تنظیم پر اکسٹھ سال ہو چکے ہیں۔