خطابات مریم (جلد دوم) — Page 624
خطابات مریم 624 پیغامات یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ باقی انسانوں تک یہ پیغام پہنچائیں۔ہم جو ان کے متبعین ہیں۔ہمارے پاس یہ کام ایک مقدس امانت ہے اس کے لئے ہمیں اپنی ہر چیز قربان کر دینی چاہئے۔ہمیں تو اس بات پر خوش ہونا چاہئے کہ انسانیت کو اپنے خالق کی طرف واپس لانے کا عظیم اور مقدس کام ہمیں سونپا گیا ہے۔لیکن سب سے پہلے ہمیں اپنے دل کو ٹولنا پڑے گا اور اپنے اندر جھانکنا پڑے گا کہ ہمارے افعال ہمارے اقوال کے مطابق ہیں یا نہیں۔کیا ہمارا عہد بیعت ایک حقیقت ہے یا محض ایک نعرہ۔ہماری زندگیوں پر اسلامی اخلاق کی گہری چھاپ ہونی چاہئے۔ہمیں دیکھنا چاہئے کہ ہمارا اخلاق اپنے ملنے جلنے والوں سے ہمارا برتاؤ ہمارا طریق زندگی سب کچھ قرآنی احکام کے مطابق ہے۔یہ اسی صورت میں ممکن ہے کہ ہم قرآن کریم کے مطالب کو سمجھتے ہوں اور رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں سب کچھ جانتے ہوں۔خدا کرے کہ آپ یہ چیزیں سیکھ لیں اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی خواہش کے مطابق تمام انسانوں کی زندگیوں میں روحانی اور اخلاقی انقلاب لاسکیں۔آمین والسلام مریم صدیقہ صدر لجنہ اماءاللہ مرکزیہ 21/جون 1976ء