خطابات مریم (جلد دوم) — Page 295
خطابات مریم 295 خطابات بغیر زبان کے بول سکیں اسی طرح یہ بھی ممکن نہیں کہ بغیر قرآن کے اس پیارے محبوب کا منہ دیکھ سکیں۔(روحانی خزائن جلد 10 اسلامی اصول کی فلاسفی صفحہ 443) اللہ تعالیٰ قرآن مجید کی فضیلت بیان کرتے ہوئے فرماتا ہے۔فَبِدَالِكَ فَلْيَفْرَحُوا هُوَ خَيْرٌ مِمَّا يَجْمَعُون اس آیت کا ترجمہ حضور نے یوں فرمایا ہے۔یہ قرآن ایک بیش قیمت مال ہے سو اس کو تم خوشی سے قبول کرو۔یہ ان مالوں سے اچھا ہے جو تم جمع کرتے ہو۔یہ اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ علم و حکمت کی مانند کوئی مال نہیں۔یہ وہی مال ہے جس کی نسبت پیشگوئی کے طور پر لکھا تھا کہ مسیح دنیا میں آکر اس مال کو اس قدر تقسیم کرے گا کہ لوگ لیتے لیتے تھک جائیں گے۔(روحانی خزائن جلد 3 ازالہ اوہام صفحہ 454) پھر کشتی نوح میں حضور نے جماعت کو ہوشیار کرتے ہوئے فرمایا :۔تم ہوشیار رہو اور خدا کی تعلیم اور قرآن کی ہدایت کے برخلاف ایک قدم بھی نہ اُٹھاؤ میں تمہیں سچ سچ کہتا ہوں کہ جو شخص قرآن کے سات سو حکم میں سے ایک چھوٹے سے حکم کو بھی ٹالتا ہے وہ نجات کا دروازہ اپنے ہاتھ سے اپنے پر بند کرتا ہے۔حقیقی اور کامل نجات کی راہیں قرآن نے کھولی اور باقی سب اس کے ظل تھے۔سوتم قرآن کو تدبر سے پڑھو اور اس سے بہت ہی پیار کرو۔ایسا پیار کہ تم نے کسی سے نہ کیا ہو۔کیونکہ جیسا کہ خدا نے مجھے مخاطب کر کے فرمایا الخَيْرُ كُلُّهُ فِي الْقُرآن که تمام قسم کی بھلائیاں قرآن میں ہیں۔(روحانی خزائن جلد 19 کشتی نوح صفحہ 26) میری عزیز بچیو! جب تک آپ قرآن مجید کا ترجمہ نہیں سیکھیں گی اس کے مطالب پر غور نہیں کریں گی۔بار بار پڑھیں گی نہیں تو کیسے آپ کو علم ہوگا کہ کیا کیا احکام اس میں بیان کئے گئے ہیں۔کن باتوں کے کرنے کا حکم دیا گیا ہے اور کن باتوں کے کرنے سے منع کیا گیا ہے۔جب تک قرآن مجید کی برکات اور خوبیوں اور معارف کا علم نہ ہوگا کیسے تمہارے دلوں میں قرآن کی محبت پیدا ہوگی ؟