مجموعہ اشتہارات (جلد 1) — Page 103
اعلان ۱؎ مرزا غلام احمد صاحب مؤلف براہین احمدیہ کے اشتہار مورخہ ۳۰؍ مئی ۱۸۸۵ء مطبوعہ صدیقی پریس لاہور کے جواب میں منشی اندر من مراد آبادی نے ایک اشتہار مطبوعہ مفید عام پریس لاہور مشتہر کیا تھا جس کے جواب میں مرزا صاحب نے نامہ ذیل تحریر فرما کر بذریعہ رجسٹری منشی اِندر من کے نام ارسال فرمایا ہے۔اس کو ہم پبلک سے انصاف چاہنے کی امید پر مشتہر کرتے ہیں۔الراقم فقیر عبدا للہ سنوری نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مشفقی اندر من صاحب! بعد ماوجب آپ بُرا نہ مانیں۔آپ کے اشتہار کے پڑھنے سے عجب طرح کی کارستانی آپ کی معلوم ہوئی۔آپ اس عاجز کی نسبت لکھتے ہیں کہ پہلے انہوں نے (یعنی اس عاجز نے) مجھ سے بحث کرنے کا وعدہ کیا۔جب میں اسی نیت سے مشقت سفر اُٹھا کر لاہور میں آیا تو پھر میری طرف اس مضمون کا خط بھیجا کہ ہم بحث کرنا نہیں چاہتے اور مجھ کو ناحق کی تکلیف دی۔اب دیکھئے کہ آپ نے اپنی عہدشکنی اور کنارہ کشی کے چھپانے کے لیے کس قدر حق پوشی اختیار کی اور بات کواپنی اصلیت سے بدل کر کچھ کا کچھ بنا دیا۔آپ خود ہی انصاف فرماویں کہ جس حالت میں آپ ہی سے یہ بے جا حرکت ۱؎ یہ اشتہار بابو محمد منظور الٰہی صاحب ہیڈ سگنیلر ریلوے اسٹیشن لاہور مقیم احمدیہ بلڈنگس لاہور سے لے کر نقل کیا گیا۔اصل اشتہار ایک صفحہ ۳۱ سطرہ تقطیع کلاں پر ہے۔(مؤلف)