ارشادات نور (جلد دوم۔ بعد از خلافت)

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 223 of 566

ارشادات نور (جلد دوم۔ بعد از خلافت) — Page 223

ملتان آنے کا سبب حضرت خلیفۃ المسیح ایک شہادت جو جناب رائے کیشو داس صاحب مجسٹریٹ کی عدالت میں ہوئی کے سبب ملتان تشریف لائے۔ایک سپاہی بنام محمد تراب خان کوئی چھ ماہ سے زائد عرصہ گزرتا ہے کہ جب اس کی فوج لاہور سے گزری تو ایک ساتھی کے ہمراہ علاج کے واسطے قادیان آیا تھا۔بعد میں وہ الزام اقدام قتل میں گرفتار ہوا۔اس مقدمہ میں صفائی کی شہادت میں اس کے ساتھیوں نے حضرت کا نام لکھایا۔حضرت صاحب نے ملزم کے قریب ہو کر اس کو شناخت کیا اور وکلاء کے سوالات کے جواب میں جو شہادت آپ نے ادا کی اس کے الفاظ اختصار اً یہ تھے۔الفاظ شہادت میں اس شخص کو پہچانتا ہوں میرے پاس علاج کے واسطے گیا تھا۔ٹھیک نہیں کہہ سکتا کہ کتنی مدت ہوئی چھ ماہ سے زائد عرصہ گزرا ہے ایک آدمی اور اس کے ساتھ تھا۔میری تشخیص کے مطابق اسے مانیا تھا جسے انگریزی میں مینیا کہتے ہیں۔جنون کا ایک قسم ہے۔اس کی علامات ہیں مبہوت رہنا، طبیب کے سامنے اچھی طرح اپنا حال بیان نہ کرنا، آنکھوں کی سفیدی میں تکدر، طبیعت میں جوش کا ہونا۔ہفتہ عشرہ یہ وہاں رہا۔فائدہ نہیں ہوا میں نے کہا تھا کہ زیادہ عرصہ ٹھہرو مگر نہیں ٹھہر سکا۔میں دن میں ایک وقت اسے دیکھتا تھا چند منٹ لگتے تھے پھر اپنے پاس نہیں بٹھاتا تھا۔میں حضرت مرزا صاحب کا خلیفہ اوّل ہوں جماعت احمدیہ کا لیڈر ہوں۔قریباً۴۵سال سے حکمت کرتا ہوں۔ریاست کشمیر میں میں شاہی طبیب تھا وہاں قریباً پندرہ سال رہا۔میں نے نہیں سنا کہ اس شخص نے کسی پر حملہ کیا ہو۔مجھے یاد پڑتا ہے کہ میں نے اس کو نسخہ لکھ دیا تھا۔میرے ہاں بیماروں کے لئے کوئی رجسٹر اندراج نہیں۔میں بیمار کو پوری تحقیق سے دیکھتا ہوں سرسری طور پر کسی کو نہیں دیکھتا۔