ارشادات نور (جلد دوم۔ بعد از خلافت)

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 172 of 566

ارشادات نور (جلد دوم۔ بعد از خلافت) — Page 172

۳۰۔فرضوں میں بعد فاتحہ کے سورۃ کا پڑھنا ممنوع نہیں۔جواب ۱۔نابالغ کی طلاق ہرگز نہیں ہو سکتی۔۲۔جو خاوند بی بی کو نان و نفقہ نہ دے میری تحقیق میں اس کا نکاح فسخ ہو جاتا ہے۔۳۔کوئی نکاح بدوں رضامندی لڑکی اور اس کے وارث کے میرے نزدیک شرعاً اسلام میں جائز نہیں۔میری تحقیق میں عورت ’’ ولی ‘‘ نہیں ہو سکتی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔حضرت ابو بکر افضل ہیں یا حضرت مرزا صاحب کسی شخص نے حضرت امیر المومنین سے دریافت کیا کہ حضرت ابوبکر افضل ہیں یا ہمارے حضرت مرزا صاحب۔آپ نے ایسے سوالات پر ایک پر جوش تقریر فرمائی جس کا خلاصہ میرے اپنے الفاظ میں یہ ہے کہ ایسے سوالات سے جو نہ انسان کو دنیا میں مفید ہوں نہ عاقبت میں پرہیز چاہیے۔مسلمانوں میں بہت سی بیہودہ بحثیں ہوتی رہتی ہیں۔مثلاً حضرت موسیٰ کا عصا، حضرت نوح کی کشتی کس لکڑی کی تھی۔اصحاب کہف کے کتے کاکیا رنگ تھا۔حضرت نوح کے بیٹے، حضر ت موسیٰ کی والدہ کا کیا نام تھا۔خاتون جنت کا درجہ بڑا ہے یا حضرت مریم کا۔اس طرح امّ المومنین خدیجہ و عائشہ اور خاتون جنت میں سے کس کا درجہ بڑا ہے۔اس فضیلت کی بحث میں سے ایک بحث ہے حضرت ابوبکرؓ کے مدارج کی جس پر تیرہ سوبرس سے کتابیں لکھی جا رہی ہیں بلکہ کشت و خون تک نوبت پہنچی ہے اور کچھ فیصلہ نہیں ہوا۔میں نے ایک خواب دیکھا جو یقینا سچا ہے۔وہ یہ کہ حضرت علی ؓ سے میں نے مسئلہ فضیلت دریافت کیا۔تو انہوں نے فرمایا کہ فضیلت انسان کی ان باتوں پر موقوف ہے جو دل کو جناب الٰہی سے تعلق ہے۔اب اس تعلق کی خبر سوائے حضرت حق سبحانہ کے اور کس کو ہو سکتی ہے۔ہمیں کیا ضرورت ہے اور کون سی مجبوری پیش آئی ہے کہ ان سوالات پر بحث کریں۔