ارشادات نور (جلد دوم۔ بعد از خلافت) — Page 111
کلام الامام امام الکلام (منقول از بیاض اکبر نجیب آبادی) امام داؤدی ظاہری کا لڑکے پر عاشق ہونے کا واقعہ چوتھی صدی کے مشاہیر میں سے ایک امام دائود ظاہری ہیں۔وہ ایک لڑکے پر عاشق تھے اور ان کے اکثر اشعار اس پر دال ہیں۔ایک طرف تو یہ حالت اور دوسری اُن کے زہد اور علمیت اور تصوف وغیرہ کمالات۔مَیں اکثر حیران رہتا تھا کہ یہ بات کیا ہے؟ اتنا بڑا عظیم الشان انسان اور اس فعل شنیع میں مبتلا چنانچہ میں نے اسی ٹوہ اور تلاش میں سینکڑوں کتابیں ایسی پڑھ ڈالیں جن میں امام دائود ظاہری کا تذکرہ ہو۔انجام کار خدا کے فضل سے ایک نہایت مستند کتاب میں ان کی نسبت مجھ کو یہ دیکھ کر نہایت خوشی ہوئی اور میری حیرت مبدل بہ مسرت ہو گئی کہ کسی نے اس لڑکے کو اُن کے سامنے لا کر عرض کیا کہ حضرت جس کے عشق اور جدائی میں آپ بیتاب ہیں اور اشعار لکھا کرتے ہیں یہ دیکھئے وہ موجود ہے۔آپ نے فرمایا کہ صرف پہلی نگاہ جو شرعاً جائز بھی تھی اس کی پاداش میں تو مجھ کو اس قدر سزا بھگتنی پڑی۔اب دوسری نگاہ اُس پر بھلا کیسے ڈال سکتا ہوں ؟ (۱۱؍مارچ ۱۹۰۹ء) یہ احادیث نہیں ۱۲؍ستمبر ۱۹۰۸ء کو صحیح بخاری کا سبق پڑھاتے ہوئے فرمایا۔لَا عَفْوٌ فِی الْکَبَائِرِ کوئی حدیث نہیں ہے کسی حدیث کی کتاب میں اس کا ذکر نہیں۔محض غلطی سے لوگ اس کو حدیث سمجھتے ہیں۔لَا تَتَحَرَّکُ ذَرَّۃٌ اِلَّا بِاِذْنِ اللّٰہِ یہ بھی نہ کوئی آیت ہے نہ حدیث ہے۔اکثر لوگ غلطی سے آیت یا حدیث سمجھ کر اس کو پیش کیا کرتے ہیں۔محدثین کے مذہب نیلؔ الاوطار۔محلی ؔبن حزم۔فتوحاؔت مکیہ ان کتابوں کے دیکھنے سے محدثین کے مذہب کا حال معلوم ہو سکتا ہے۔یہ اعلیٰ درجہ کی کتابیں ہیں جو محدثین کے مذہب کو ظاہر کرتی ہیں۔کتاب نیلؔ الاوطار میں محدثین کے اور کتاب مدوؔنہ میں مالکیوں کے مذہب کا جامع و مانع فقہ ہے۔