ارشادات نور (جلد اوّل۔ قبل از خلافت) — Page 301
جواب۔میں نے تو ایسے اخلاق والے نہیں دیکھے کہ ہمارے امام سے ان کو بغض ہو اور ہم سے محبت۔یا ہم میں عیب یا ان میں۔بہرحال اخلاق والے سے اخلاقی معاملہ کرو۔سوال۔اگر کسی عذر شرعی سے غسل جنابت کی بجائے تیمم کر کے نماز پڑھ لی جائے تو پھر اس کے بعد کی نمازوں سے پہلے غسل کرنا ضروری ہے۔یا وہ تیمم بالاستقلال غسل کا کام دے گیا ہو۔جواب۔عذر شرعی کے باعث تیمم عذرشرعی تک محدود ہے۔جب وہ عذر جاتا رہا تو تیمم باطل ہوگیا پھر غسل کرے۔سوال۔ایک احمدی کتب فروش کے لئے کیا ان کتب کی خرید و فروخت جائز ہے جن کے مضامین کے حسن و قبح کا کچھ علم نہیں۔مثلاً بعض ناول اخلاقی یا سراغ رسانی کے کہلاتے ہیں۔اور نہیں معلوم کہ ان کے بیچ میں حسن و عشق یا فسق کا، مخرب الاخلاق کا دکھڑا بھی رقوم ہے یا نہیں۔یا عامیانہ قصے فسانے یا مذہبی رنگ کے رطب و یابس قصے وغیرہ یا کتب نحو۔جفر و عملیات۔جواب۔صریح بری کتاب اور خلاف قانون کتاب کا بیچنا جائز نہیںواِلَّا علی العموم جائز ہے۔سوال۔ایک احمدی نے ایک ہندو دوکاندار کا کچھ دینا تھا (اندازًا … روپے) وہ دوکاندار مرگیا اور اس کے ورثاء کا کچھ پتہ نہیں ملا تو اس قرض کے بوجھ سے کیسے سبکدوشی ہوسکتی ہے؟ جواب۔جس کا دینا ہو اور وہ مر جاوے یا اس کا وارث نہ ہو تو وہ مال صدقہ کر دے۔سوال۔تلاوت قرآن بنا فہم معانی بھی کسی حد تک موجب ثواب ہوتی ہے یا نہیں۔یہ ظاہر ہے کہ ہر شخص کو تمام و کمال کلام مجید کا علم معانی نہیں ہوتا۔پس یہ کیونکر ہو سکتا ہے کہ جہاں سے اس کی سمجھ میں نہ آئے وہ مقامات بیچ میں چھوڑتا جاوے۔جواب۔صرف تلاوت قرآن کریم کا بھی حکم فرمایا ہے۔ (العنکبوت: ۴۶)ہے۔اس میں حفاظت قرآن کریم ہے اور حفاظت کا ثواب۔نور الدین (البدر جلد۲ نمبر ۶ مورخہ۹؍فروری ۱۹۰۶ء صفحہ۰ ۱)