ہومیوپیتھی یعنی علاج بالمثل — Page 181
کیڈمیم سلف 181 44 کیڈمیم سلف CADMIUM SULPH کیڈمیم سلف بہت گہرا اثر رکھنے والی دوا ہے۔اس کے مریض جسمانی اور ذہنی محنت سے بہت گھبراتے ہیں اور کوئی کام نہیں کرنا چاہتے۔انہیں کام سے نفرت ہوتی ہے۔سلفر کے مریض بھی نکھٹو ہوتے ہیں۔بہت پیسہ کمانے کی سکیمیں بناتے رہتے ہیں لیکن انہیں کام کرنے کی توفیق نہیں ملتی۔اور پیم کا مریض بھی خیالی پلاؤ پکاتا رہتا ہے اور مختلف ترکیبیں سوچتارہتا ہے لیکن اس کے لئے ہاتھ پاؤں ہلانا اور کام کرنا سخت دو بھر ہوتا ہے۔کیڈمیم سلف میں بے چینی اور بے قراری نمایاں ہوتی ہیں۔اس لحاظ سے یہ آرسینک سے مشابہ دوا ہے لیکن آرسینک کے مریض کے مزاج کا ایک پہلو کیڈ میم سلف کے بالکل برعکس ہوتا ہے۔آرسینک کا مریض اپنی روز مرہ زندگی میں کوئی بھی بے ترتیبی برداشت نہیں کرتا۔ہر چیز قرینہ سے رکھتا ہے اور محنت سے بھی نہیں گھبرا تا جبکہ کیڈ میم سلف کا مریض سلفر کے مریض کی طرح سست ہوتا ہے اور اس کی چیزوں میں بے ترتیبی ملتی ہے۔معدہ میں کیڈ میم سلف کا اثر آرسینک کی طرح ہوتا ہے۔معدہ میں بے چینی ہوتی ہے۔بعض مریض اس بے چینی کی وجہ سے سو بھی نہیں سکتے۔کیڈ میم سلف ایسی بے چینی کے لئے اچھی دوا ہے۔اس کا آرسینک سے ایک فرق یہ بھی ہے کہ آرسینک کا مریض بے چینی سے کروٹیں بدلتا رہتا ہے اور ایک حالت میں نہیں رہ سکتا جبکہ کیڈمیم کا مریض حرکت سے تکلیف محسوس کرتا ہے۔اس کی کا ہلی اور سنتی بے چینی پر غالب آجاتی ہے اور وہ کوئی حرکت بھی پسند نہیں کرتا۔وہ اپنی بے چینی کا اظہار صرف زبان سے کرتا ہے۔